Live Updates

دوست ممالک سے مالی معاونت یا آئی ایم ایف سے قرض لیے بغیر کوئی چارہ نہیں، عمران خان

ملک کو تاریخ کے سب سے بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے، ہمارے پاس دو تین ماہ سے زیادہ کے زرمبادلہ ذخائر نہیں، انٹرویو

پیر 22 اکتوبر 2018 23:19

دوست ممالک سے مالی معاونت یا آئی ایم ایف سے قرض لیے بغیر کوئی چارہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہاہے کہ دوست ممالک سے مالی معاونت یا عالمی مالیاتی فنڈ سے قرض لئے بغیر کوئی چارہ نہیں،ملک کو تاریخ کے سب سے بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے، ہمارے پاس دو تین ماہ سے زیادہ کے زرمبادلہ ذخائر نہیں۔سعودی عرب روانگی سے قبل برطانوی نشریاتی ادارے کو ایک انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانی معیشت کی بہتری کیلئے سعودی عرب سے قرض لینے کے خواہش مند ہیں، ملک کو تاریخ کے سب سے بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے، ہمارے پاس دو تین ماہ سے زیادہ کے زرمبادلہ ذخائر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوست ممالک سے مالی معاونت یا آئی ایم ایف سے فنڈ لئے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم دو روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ مستقبل کے سرمایہ کاری اقدامات کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کو دورے کی دعوت سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز نے دی تھی۔وزیراعظم 23 اکتوبر سے شروع ہونے والی اس تین روزہ کانفرنس میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور معاشی مواقع پر روشنی ڈالیں گے اور اپنے آئندہ 5 سالہ وڑن سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔وزیراعظم پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔اپنے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں منعقدہ اس سرمایہ کاری کانفرنس میں 90 ممالک سے 3 ہزار 800 مندوب شرکت کر رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات