Live Updates

ملک کے کشیدہ حالات کے باعث فواد چوہدری کا دورہ چین منسوخ ہونے کا امکان

وفاقی وزیر اطلاعات کو وزیراعظم عمران خان کے روانہ ہونے کے بعد 3 نومبر کو چین کیلئے روانہ ہونا تھا

muhammad ali محمد علی جمعرات 1 نومبر 2018 19:54

ملک کے کشیدہ حالات کے باعث فواد چوہدری کا دورہ چین منسوخ ہونے کا امکان
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم نومبر 2018ء) ملک کے کشیدہ حالات کے باعث فواد چوہدری کا دورہ چین منسوخ ہونے کا امکان، وفاقی وزیر اطلاعات کو وزیراعظم عمران خان کے روانہ ہونے کے بعد 3 نومبر کو چین کیلئے روانہ ہونا تھا۔ تفصیلات کے مطابق آسیہ بی بی کیس کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں پیدا ہو جانے والے کشیدہ حالات کے باعث وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا دورہ چین منسوخ ہونے کا امکان ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو وزیراعظم عمران خان کے روانہ ہونے کے بعد 3 نومبر کو چین کیلئے روانہ ہونا تھا۔ تاہم اب فواد چوہدری چین کا دورہ نہیں کریں گے۔ فواد چوہدری حکومتی اقدامات سے متعلق عوام کو مسلسل آگاہ رکھنے کیلئے پاکستان میں ہی رہیں گے۔ دوسری جانب فواد چوہدری نے ٹویئٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم کے اعلان کے مطابق امن خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

(جاری ہے)

ریاستی اداروں کے بارے کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ نظرثانی ایک آئینی راستہ ہے جو متاثرہ فریق کا حق ہے۔ تاہم توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی اور دھمکیاں ناقابل قبول ہیں اور وزیر اعظم کے اعلان کے مطابق ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اداروں کی استطاعت اور صلاحیت کے بارے میں غلط فہمی دور کر لیں ورنہ پچھتائیں گے۔

قومی بحران پر ہم سب اکٹھے ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کررہے ہیں۔بلاول بھٹو اور شہبازشریف سے ملاقات ہوئی اور اب تک کی حکمت عملی سے اپوزیشن جماعتوں کو آگاہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پارلیمنٹ کی رائے کو اہمیت دی جائے گی۔پورا پاکستان اس معاملے میں اکٹھا ہے۔اپوزیشن جماعتوں سے بحران سے نکلنے کیلئے مشاورت کررہے ہیں۔موجودہ صورتحال میں اپوزیشن ، حکومت سمیت پورا پاکستا ن ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک پارٹی کا نہیں پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔پارلیمانی جماعتوں کی رائے کو اہمیت دی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات