فیصل آباد، آسیہ کیس کی ریویو پٹیشن کے لیے فل بنچ تشکیل دیا جائے،صاحبزادہ حامد رضا

فیصلہ دینے والے ججز کو فل بنچ میں شامل نہ کیا جائے، کیس کی سماعت لائیو نشر کی جائے، مدعی کو اپنے دلائل دینے کے لیے آزادانہ وقت دیا جائے، کسی بھی تنظیم یا جماعت کے کارکن کو گرفتار نہ کیا جائے،چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان

جمعہ 2 نومبر 2018 20:15

فیصل آباد، آسیہ کیس کی ریویو پٹیشن کے لیے فل بنچ تشکیل دیا جائے،صاحبزادہ ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 نومبر2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ آسیہ کیس کی ریویو پٹیشن کے لیے فل بنچ تشکیل دیا جائے۔فیصلہ دینے والے ججز کو فل بنچ میں شامل نہ کیا جائے۔ کیس کی سماعت لائیو نشر کی جائے۔ مدعی کو اپنے دلائل دینے کے لیے آزادانہ وقت دیا جائے۔ کسی بھی تنظیم یا جماعت کے کارکن کو گرفتار نہ کیا جائے۔

گرفتار شدہ افراد کو بغیر مقدمات کے رہا کیا جائے۔ اس بات کا فیصلہ سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت صاحبزادہ حامد رضا نے کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صاحبزادہ حسین رضا ایڈووکیٹ کیس کی سماعت کے لیے مدعی کو ہرقانونی معاونت پیش کریں گے۔ اوپن ٹرائل کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کروائی جائے گی۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عاصیہ کیس کا تعلق قانون ناموس رسالت کے موثر ہونے سے ہے۔

غیر ملکی عناصر قانون ناموس رسالت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس کے فیصلے سے عاشقان رسول پریشان ہیں۔ چیف جسٹس فی الفور اس کیس کی ریویو پٹیشن کیلئے فل بنچ تشکیل دیں اور اس کیس سے علیحدہ ہوجائیں۔ پاک فوج کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پاک فوج کو متنازعہ بنانے والے ملک کے خیر خواہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات بڑھانے والے پیٹرول کی قیمتیں کم کرنا چاہتے تھے۔

حکومت نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ غریب آدمی کے منہ کا نوالہ چھین لیا گیا ہے۔ تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا گیا ہے۔وزیر اعظم کے دورہ چین سے معاشی مسائل حل ہونے چاہئیں۔ سی پیک ملکی ترقی کا منصوبہ ہے۔ سی پیک پر بھارتی واویلا مسترد کرتے ہیں۔ چائنہ پاکستان بس سروس کا افتتاح خوش آئند ہے۔ اجلاس میں صاحبزادہ حسین رضا، مفتی محمد حبیب قادری، میاں فہیم اختر، مفتی محمد کریم خان، مولانا محمد اکبر نقشبندی، ملک بخش الٰہی و ارشد مصطفائی نے بھی شرکت کی۔