مولانا سمیع الحق کی وفات پر تعزیت کیلئے چوتھے روز بھی اہم شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری رہا

چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی ، سراج الحق، مولانا طارق جمیل ، چوہدری نثار احمد، سینٹر شبلی فراز ،جاوید عباسی ، اعجاز الحق اوروسیم سجاد سمیت کئی اہم شخصیات دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک پہنچ کرحامد الحق سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی

منگل 6 نومبر 2018 18:39

مولانا سمیع الحق کی وفات پر تعزیت کیلئے چوتھے روز بھی اہم شخصیات کی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2018ء) جمعیت علماء اسلام س کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی وفات پر تعزیت کیلئے چوتھے روز بھی اہم شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری رہا ،مختلف سیاسی وسماجی شخصیات نے مدرسہ حقانیہ میں مولانا کی وفات پر تعزیت اورفاتحہ خوانی کی ۔مولانا سمیع الحق کی وفات پر چوتھے روز بھی اہم شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری رہا ۔

چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی ،امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق، مولانا طارق جمیل ،سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار احمد، سینٹر شبلی فراز ،رکن اسمبلی جاوید عباسی ،سابق وزیر اعجاز الحق اور سابق چئیرمین سینٹ وسیم سجاد سمیت کئی اہم شخصیات دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک پہنچ کرحامد الحق سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ مولانا سمیع الحق ایک مذہبی سکالر کے ساتھ ساتھ ایک محب وطن شخصیت بھی تھے ۔

حکومت کوشش کرہی ہے کہ قاتلوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچا دے ۔امیر جماعت اسلامی سنیٹر سراج الحق نے کہا کہ مولانا سمیع الحق ایک مذہبی سکالر کے ساتھ ساتھ ایک محب وطن شخصیت بھی تھے ان کی موت عالم اسلام اور پاکستان کے لئے ایک افسوس ناک واقعہ ہے ۔سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کسی بھی شہری کے ساتھ اس قسم کا ظلم ہوجانا تشویش ناک مگر اب تک قاتلوں تک نہ پہنچنا اس سے بڑی تشویش ناک بات ہے مولانا سمیع الحق کی وفات پاکستان کا نقصان ہے ۔

سابق چئیر مین سینٹ وسیم سجاد کا کہنا تھا کہ مولانہ سمیع الحق کے ساتھ میرے قریبی تعلقات تھے اٴْنہوں نے ہمیشہ محبت و آمن بھائی چارے کا پیغام دیا۔ مسلم لیگ ضیاء کے صدر اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ مولانا کے قتل کے پیچھے دشمن کا ہاتھ ہے ۔افغانستان اور طالبان کے حوالے سے مولانا کا کلیدی کردار رہا ہے۔ حکومت قاتلوں کوگرفتار کرکے کیفرکردارتک پہنچائے ،ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل نے جامعہ حقانیہ میں حامدالحق سے ان کے والد کی شہادت پر تعزیت کی مولانا طارق جمیل نے مولانا سمیع الحق کے بلند درجات کے لیے دعا کی اور کہا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت سے عالم اسلام کو بڑا دھچکا پہنچاہے حکومت کو چاہئے کہ مولانہ کہ قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائے مولانا سمیع الحق اللہ تعالی نے شہادت کا مرتبہ عطا کیا۔