Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا آج قوم سے خطاب منسوخ

وزیراعظم نے آج قوم سے خطاب کرنا تھا، عمران خان نے اپنے خطاب میں دورہ چین اور روسی وزیراعظم سے ملاقات بارے قوم کو آگاہ کرنا تھا، ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 6 نومبر 2018 19:50

وزیراعظم عمران خان کا آج قوم سے خطاب منسوخ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 نومبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان کا آج قوم سے خطاب منسوخ ہوگیا،وزیراعظم عمران خان نے قوم سے 8 بجے خطاب کرنا تھا، عمران خان نے اپنے خطاب میں دورہ چین اور روسی وزیراعظم سے ملاقات بارے قوم کو آگاہ کرنا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قوم سے آج خطاب نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جس کے باعث وزیراعظم عمران خان کا خطاب منسوخ کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا خطاب ریکارڈ کرنے والی سرکاری ٹیم کو واپس بھیج دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا قوم سے آج خطاب کرنے کا پروگرام شیڈول میں شامل ہی نہیں تھا۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی داخلی اور امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور وزیر اطلاعات فواد چودھری جبکہ قومی سلامتی کے اداروں کے سربراہان جن میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور ڈی جی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، ڈی جی ایم آئی، ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس تین گھنٹے تک جاری رہا۔ اعلامیہ اجلاس کے مطابق اجلاس میں ملکی سلامتی اور داخلی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے دورہ چین سے متعلق کمیٹی کے ارکان آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے چینی صدر اورروسی وزیراعظم سے ملاقاتوں سے متعلق بھی کمیٹی کو اعتماد میں لیا۔ اجلاس میں سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی کے معاملات پر بھی غور کیا گیا۔

پاکستان کی خوشحالی امن واستحکام اور قانون کی عملداری میں ہے۔ ملکی سلامتی اور دفاع کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی ترقی امن اور استحکام سے مشروط ہے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے آسیہ بی بی کی رہائی کے فیصلے بعد پرتشدد احتجاج اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقات بھی ہوئی۔ ملاقات میں سکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو دورہ چین سے متعلق بھی اعتماد میں لیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات