Live Updates

گورنرسندھ نے صنعت کاروں کے مسائل کے حل کیلئے سندھ انڈسٹریل لائژن کمیٹی کے قیام کا اعلان کردی

ا صنعت کاروں کے مسائل حل کریں گے تو برآمدات اور ریونیو میں اضافہ ہوگا، کمیٹی وفاقی حکومت اور صنعت کاروں کے مابین پل کا کام کرے گی، گورنر سندھ

جمعرات 8 نومبر 2018 20:59

گورنرسندھ نے صنعت کاروں کے مسائل کے حل کیلئے سندھ انڈسٹریل لائژن کمیٹی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2018ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے وفاقی حکومت اور صنعت کاروں کے مابین موثر رابطہ اور ان کے مسائل کے بروقت حل کے لئے سندھ انڈسٹریل لائژن کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔گورنر ہائوس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ صنعت کاروں کو یہ شکایت تھی کہ ان کے مسائل وفاقی حکومت تک پہنچانے کے لئے کوئی فورم موجود نہیں اور انہیں چھوٹے مسائل کے لئے بھی اسلام آباد کا رخ کرنا پڑتا ہے۔

اس صورتحال اور صنعت کاروں کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا جارہا ہے تاکہ ان کے مسائل جلد از جلد حل کئے جاسکیں۔ اس موقع پر کمیٹی کے کنوینر زاھد سعید ، سٹیزنز پولیس لائژن کمیٹی کے سربراہ زبیر حبیب ، وفاقی ایوانہائے صنعت و تجارت کے سینئر نائب صدر سید مظہر علی ناصر، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین جنید اسماعیل ماکڈا، کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر دانش خان، نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر سید طارق راشد، فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈاینڈ انڈسٹری کے صدر خورشید احمد ، سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیم پاریکھ، لانڈھی ایسوسی ایشن کے صدر ضیاء بشیر ، بن قاسم ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے نوید شکور اور سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن کے صدر راجہ ایم الیاس بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ پچھلے 5 سال کے دوران ملکی برآمدات میں صفر فی صد اضافہ ہوا جبکہ اس عرصہ کے دوران درآمدات 7 فی صد بڑھیں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ ملکی معیشت کے لئے بہت نقصان دہ ہے موجودہ حکومت اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس ضمن میں کئی ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماضی کی طرح مصنوعی اقدامات پر یقین نہیں رکھتے ، ہم چاہتے ہیں کہ معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار ہو اور ترقی کرے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی 55 فی صد ریونیو دینے والا شہر ہے اس کے صنعت کاروں کے مسائل حل ہوں گے تو برآمدات میں اضافہ ہوگا اور ریونیو بڑھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا اور آج اس کے افتتاحی اجلاس میں جو مسائل اور سفارشات سامنے آئی ہیں ان کے حل کے لئے اگلے اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کے افسران اور وزراء کو مدعو کیا جائے گا تاکہ انہیں موقع پر ہی حل کیا جاسکے ۔

گیس کی قیمتوں میں اضافے کے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ ایسا کرنا ضروری تھا تاکہ ایل این جی اور گیس کے مابین فرق کو کم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں صرف عوام اور صنعت کاروں سے قربانی مانگی جاتی تھی اور حکمران مزے کرتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے حکمران سب سے پہلے قربانی دے رہے ہیں کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو دیر پا بنیادوں پر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ہر مسئلہ کی جڑ بیوروکریسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی حکمرانوں کے احکامات اور پالیسیوں پر عمل کرتی ہے، اگر حکومت میں سیاسی عزم ہوتو کوئی بھی مسئلہ حل کیا جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ساری زندگی جدوجہد سے عبارت ہے ۔ انہوں نے جو چیلنج سامنے آیا اسے پورا کیا ہے۔ ملک کی معیشت کو منجدھار سے نکال کر کنارے تک پہنچانا بھی ان کے لئے ایک چیلنج ہے اور وہ اس میں بھی سرخرو رہیں گے۔

گورنر سندھ نے کراچی پیکج کے حوالے سے ایک سوال پر کہا کہ وہ وفاق کے تمام ترقیاتی منصوبوں میں صوبائی حکومت کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں اس کے لئے وہ کئی بار وزیر اعلیٰ سندھ سے کہہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اور بلدیاتی اداروں کے مابین قریبی تعاون سے عوام کو معیاری اور بہترین بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ان منصوبوںمیں شفافیت کو ہر صورت میں یقینی بنائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات