Live Updates

امریکا عافیہ صدیقی کی مشروط رہائی کیلئے رضامند ہوگیا

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا دعویٰ ہے کہ امریکا بعض شرائط پر ان کی بہن عافیہ صدیقی کو پاکستان کے حوالے کرنے کیلئے راضی ہوگیا ہے

muhammad ali محمد علی جمعرات 8 نومبر 2018 22:17

امریکا عافیہ صدیقی کی مشروط رہائی کیلئے رضامند ہوگیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 نومبر2018ء) امریکا عافیہ صدیقی کی مشروط رہائی کیلئے رضامند ہوگیا، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا دعویٰ ہے کہ امریکا بعض شرائط پر ان کی بہن عافیہ صدیقی کو پاکستان کے حوالے کرنے کیلئے راضی ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کچھ ایسی خبریں سامنے آئی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی مشروط رہائی کیلئے راضی ہوگیا ہے۔

امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا پاکستان سے بعض شرائط منوانے کے بدلے عافیہ صدیقی کو پاکستان کے حوالے کرنے کیلئے تیار ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کہتی ہیں کہ کہ امریکا پاکستان سے کچھ چیزیں چاہتا ہے اور ان کے عوض وہ عافیہ صدیقی کو پاکستان کے حوالے کرنے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

امریکا کی جانب سے عافیہ صدیقی کی رہائی کے اشارے ملے ہیں۔

تاہم امریکی مطالبات کے بارے میں مزید تفصیلات وہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کرنے کے بعد ہی بتا پائیں گی۔ فوزیہ صدیقی یہ بھی کہتی ہیں کہ امریکا ماضی میں بھی عافیہ صدیقی کو رہا کرنے کیلئے تیار تھا، تاہم پاکستان کی حکومت کی سستی اور عدم دلچسپی کے باعث ایسا ممکن نہیں ہو پایا تھا۔ فوزیہ صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی جیل میں عافیہ صدیقی کو جنسی اور انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

تاہم انہیں اب 100 فیصد یقین ہوگیا ہے کہ عافیہ صدیقی جلد ان کے درمیان ہوں گی۔ واضح رہے کہ امریکی جیل میں قید عافیہ صدیقی کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے نام خصوصی خط تحریر کیا گیا ہے۔ عافیہ صدیقی نے وزیراعظم کے نام اپنا خصوصی پیغام ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل کو جیل میں ملاقات کے دوران دیا۔ امریکی جیل میں قید عافیہ صدیقی نے وزیراعظم کو لکھے گئے خصوصی خط کے متن میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ماضی میں میری بہت حمایت کی ہے وہ ہمیشہ سے میرے ہیرو رہے ہیں۔

اپنے خط میں وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے عافیہ صدیقی کا کہنا ہے کہ امریکا میں میری سزا غیر قانونی ہے میں قید سے باہر نکلنا چاہتی ہوں۔ عافیہ صدیقی کا کہنا ہے کہ انہیں اغوا کرکے امریکا لے جایا گیا تھا۔ عافیہ صدیقی نے اپیل کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان میری رہائی میں مدد کریں۔ لکھے گئے خط میں عافیہ صدیقی کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اپنے اردگرد موجود منافقین سے محتاط رہنا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرنے والوں کو اپنی تنقید بند کر دینی چاہیے۔ وزیراعظم عمران خان نے ماضی میں غلطیاں کیں مگر اب وہ ویسے نہیں رہے۔ وزیراعظم عمران خان اب بدل چکے ہیں، غلطیوں سے سبق سیکھ چکے ہیں۔ عافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے ناقدین کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی قوانین میں غلطیوں پر توبہ کرنیوالے کی غلطیاں معاف کردی جاتی ہیں، لہذا ان پر کی جانے والی تنقید بند کر دی جائے۔ واضح رہے کہ امریکا کا دعویٰ ہے کہ عافیہ صدیقی کو افغان جنگ کے دوران افغانستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ عافیہ صدیقی پر امریکی فوجی کے قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ تاہم عافیہ صدیقی نے ہمیشہ اس الزام کی تردید کی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات