ایس پی رورل پشاور طاہر خان داوڑ کی میت افغان حکام نے پاکستانی وفد کے حوالے کردی

جمعرات 15 نومبر 2018 20:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) ایس پی رورل پشاور طاہر خان داوڑ کی میت افغان حکام نے پاکستانی وفد کے حوالے کردی ایس پی طاہر داوڑ کا جسد خاکی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی، ڈپٹی کمشنر خیبر محمود اسلم سمیت دیگر حکام نے طورخم بارڈر پر وصول کی،اسلام آباد سے اغوا کے بعد افغانستان میں قتل ہونے والے ایس پی رورل پشاور طاہر خان داوڑ کی میت افغان حکام نے مذاکرات کے بعد پاکستانی وفد کے حوالے کردی تاہم پہلے افغان حکام نے میت حوالے کرنے سے انکار کیا افغان حکام کا اصرار تھا کہ میت قبائلی عمائدین کے حوالے کرے گی جس کے بعد محسن داوڑ بھی طورخم بارڈر پہنچے اور مذاکرات میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

کامیاب مذاکرات کے بعد افغان حکام کی جانب سے ایس پی طاہر داوڑ کی میت رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور قبائلی عمائدین کے حوالے کی گئی ، واضح رہے کہ ایس پی طاہر داوڑ اسلام آباد کے علاقے جی ٹین سے 27 اکتوبر کو لاپتہ ہوئے جن کی لاش دو روز قبل افغانستان کے صوبہ ننگرہا ر سے ملی اور دفتر خارجہ نے بھی ان کی شہادت کی تصدیق کی۔