پاکستان پیپلزپارٹی کے 51ویں یوم تاسیس کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس

30 نومبر کو پاکستان پیپلزپارٹی کا 51واں یوم تاسیس نہایت جوش و خروش اور شایان شان انداز میں منایا جائے گا

جمعہ 16 نومبر 2018 22:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے 51ویں یوم تاسیس کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو سکھر میں سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کء زیر صدارت سید خورشید شاہ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین نثار احمد کھوڑو سید خورشید شاہ وقار مہدی اسلام الدین شیخ ناصر حسین شاہ انور خان مہر اعجاز جکھرانی اویس قادر شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 30 نومبر کو پاکستان پیپلزپارٹی کا 51واں یوم تاسیس نہایت جوش و خروش اور شایان شان انداز میں منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

30 نومبر کو یوم تاسیس کے موقع پر سکھر میں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد ہوگا جس سے پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔ اجلاس میں یوم تاسیس کے سلسلے میں ایک استقبالیہ کمیٹی انور خان مہر کی سربراہی میں تشکیل دی گئی جس کے اراکین میں سکھر ڈویژن لاڑکانہ ڈویژن اور شہید بینظیر آباد ڈویژن کے ضلعی صدور شامل ہوں گے۔

جبکہ میڈیا کمیٹی عاجز دھامرہ کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔ جس کے اراکین میںعاجز دھامراہ، مرتضی وہاب، وقاص شوکت، فدا ڈھکن ،ملک ضمیر،لیاقت خالدی ،چودھری اظہر شامل ہوں گے۔