Live Updates

وزیراعظم کے شکایات سیل 26 سال سے بجلی کی عدم فراہمی کا نوٹس لے لیا

بجلی کی عدم فراہمی پر نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو کو احکامات بھی جاری کر دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 19 نومبر 2018 12:57

وزیراعظم کے شکایات سیل 26 سال سے بجلی کی عدم فراہمی کا نوٹس لے لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2018ء) : وزیراعظم کے شکایت سیل نے 26 سال سے بجلی کی عدم فراہمی کا نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے شکایات سیل نے ایریا ڈویلپمنٹ ہاؤسنگ اسکیم 2 گوجر خان میں 26 سال سے بجلی فراہم نہ کرنے کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو کو احکامات بھی جاری کر دئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اعلیٰ سطحی کمیٹی بنا کر علاقہ میں بجلی فراہم کر کے رپورٹ پیش کریں۔

گوجر خان سے ملک طارق محمود نے وزیراعظم سیل میں آن لائن شکایت درج کروائی تھی، جس پر سخت نوٹس لیا گیا۔ وزیراعظم کے حکم سےواپڈا گوجر خان کے افسران میں کھلبلی مچ گئی۔ شکایت پر فوری نوٹس اور احکامات کے اجرا پر متعلقہ علاقہ کے رہائشیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام سے جو وعدے کیے اقتدار میں آنے کے بعد انہی وعدوں کوپورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اوران کے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لیے عوام سے براہ راست رابطہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کا باقاعدہ آغاز گذشتہ ماہ سے ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے ایک شکایت سیل قائم کیا ، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ اس شکایات سیل کے ذریعے ہیومن رائٹس، کرپشن،قبضہ مافیا ، بیورو کریسی اور دیگر مسائل پر نوٹس لیں گے۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ ماہ ’’پاکستان سیٹیزن پورٹل‘‘ کا افتتاح کیا جس کی بدولت پاکستانی عوام براہ راست اپنی شکایات و تجاویز وزیر اعظم آفس کو بھجواتے ہیں۔ متعلقہ محکموں سے عوامی شکایات کا ازالہ کروانے اور قابل عمل تجاویز پر غور کے عمل کی نگرانی وزیر اعظم آفس سے ہی کی جاتی ہے جبکہ پاکستان سیٹیزن پورٹل کی بدولت لوگ اپنے موبائل فونز میں مخصوص ایپلی کیشن کے ذریعے حکومتی اداروں تک اپنی آواز پہنچاتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات