ملک بھر میں جشن ولادت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تقریبات

وفاق میں31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی ‘سندھ حکومت کا موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 21 نومبر 2018 09:14

ملک بھر میں جشن ولادت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تقریبات
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 نومبر۔2018ء) ملک بھر میں جشن ولادت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم جوش اور جذبے سے منایا جارہا ہے . سرکاری سطح پر تقریبات کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا‘ وفاق میں31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی ، فضاتوپوں کی گونج اورنعرہ تکبیراللہ اکبرکے نعروں سے گونج اٹھی.

صبح بہاراں کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی ،اجتماعی دعاﺅں ، قصیدہ بردہ شریف اور درود و سلام سے ہوا، اس دن کی مناسبت سے ملک بھر سے جلوس برآمد ہونگے اور میلاد کی محافل اور سیرت النبیﷺ کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی جن سے علماءکرام خطاب کریں گے.

(جاری ہے)

ملک بھر میںہر چھوٹے بڑے شہر، قصبے ، کوچے، بازار، چوراہے برقی قمقموں سے منورکیے گئے ہیں اور ہر سو سبز پرچموں کی بہار ہے، اس کے علاوہ ملک بھر کی تمام اہم سرکاری، نیم سرکاری اور نجی عمارتوں، مارکیٹوں اور بازاروں کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیاہے.

جشن عید میلاالنبیﷺ کے موقع پر کراچی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جلوس اور ریلیوں کی سیکورٹی کے لیے پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں. عید میلادالنبی ﷺ کو مسلم امہ نہایت عقیدت و احترام سے مناتی ہے اور دنیا بھر کے مسلمان اس موقع پر اپنے پیارے نبیﷺ کی سیرت مبارکہ پر چلنے کا عہد کرتے ہیں‘ حضور پرنورﷺ نے مسلمانوں کو محبت، بھائی چارے، اخوت، عفوودرگزر کا درس دیا.

عید میلاد النبیﷺکے موقع پر جلوسوں اور محفلوں کی حفاظت کے لیے وفاقی اورصوبائی حکومتوں کی جانب سے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں. دوسری جانب سندھ حکومت نے 12 ربیع الاول کے موقع پر کراچی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں آج موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے وفاق سے سفارش بھی کردی ہے.