خیبرپختونخواہ پولیس نے بنوں ایف سی ہیڈکوارٹر پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا

کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی جھڑپ میں خود کش حملہ آور سمیت متعدد دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے

muhammad ali محمد علی منگل 2 ستمبر 2025 21:59

خیبرپختونخواہ پولیس نے بنوں ایف سی ہیڈکوارٹر پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ ..
بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 ستمبر2025ء) خیبرپختونخواہ پولیس نے بنوں ایف سی ہیڈکوارٹر پر دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا ، کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی جھڑپ میں خود کش حملہ آور سمیت متعدد دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز خیبرپختونخواہ کے ضلع بنوں کو بڑی تباہی سے بال بال بچا لیا گیا۔ خیبرپختونخواہ پولیس کے موثر ایکشن نے دہشت گردوں کا تباہی مچانے کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

منگل کے روز ایف سی لائن بنوں پر دہشت گردوں کے ایک بڑے حملے کو ناکام بنا دیا گیا، جس میں خودکش حملہ آور سمیت پانچ دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے بنوں میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر بڑی نوعیت کا حملہ کیا گیا، حملے کے بعد سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان کئی گھنٹے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق 5 دہشت گرد ایف سی لائن میں داخل ہوئے تھے، جن کے ساتھ سکیورٹی فورسز کا مقابلہ ہوا۔ حملے کے دوران فائرنگ اور دھماکوں کی آوازوں سے قریبی علاقے گونج اٹھے۔ آپریشن کے دوران ایف سی لائن کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے۔ ڈی پی او بنوں سلیم کلاچی خود موقع پر موجود رہے اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ آپریشن کی قیادت کرتے رہے، کوئیک ریسپانس یونٹ سمیت مزید نفری بھی موقع پر طلب کی گئی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے بعد آئی جی خیبر پختونخواہ نے بتایا کہ بنوں میں ایف سی پر ہونے والے بڑے حملے کو ناکام بنا کر خودکش حملہ آور سمیت 5 دہشت گرد کر دیے گئے۔