محکمہ صحت سندھ پورے سندھ بالخصوص کراچی کے میڈیکل اسٹورزاور ادویات کے مسائل پر توجہ دے،خرم شیر زمان

سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور نرسز جبکہ لیبارٹریز میں عملہ سنگین غفلت کا مرتکب ہوتا ہے، صدر تحریک انصاف کراچی ڈویژن

جمعرات 22 نومبر 2018 13:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ محکمہ صحت سندھ پورے سندھ بالخصوص کراچی کے میڈیکل اسٹورزاور ادویات کے مسائل پر توجہ دے۔ ہر میڈیکل اسٹور پر کسی مستند فارماسسٹ کا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پہلے بھی اس مسئلے کی طرف توجہ دلائی اور قانون کے نفاذ کی اہمیت پر زور دیا ہے تاہم سندھ حکومت اس سلسلے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔ پورے کراچی میں غیر رجسٹرڈ ایمبولینس کا مسئلہ بھی شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کی صحت اور ادویات کے مسائل پر سندھ حکومت کو کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

میڈیکل اسٹورز بغیر کسی مستند ڈگری کے حامل فارماسسٹ کے نہیں چلائے جانے چاہئیں۔ ڈاکٹر کی تشخیص کے بغیر کوئی ادویات نہ بیچی جائیں۔ پرائیویٹ گاڑیوں کو ایمبولینس کے طور پر استعمال کیے جانے پر پابندی ہونی چاہئے۔میڈیکل اسٹورز پر کیمسٹ عوام کو خود ہی ادویات تشخیص کردیتے ہیں، اس پر بھی پابندی ہونی چاہئے۔ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور نرسز جبکہ لیبارٹریز میں عملہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں سنگین غفلت کا مرتکب ہوتا ہے۔ کراچی کے عوام ہسپتالوں، لیبارٹریز اور میڈیکل اسٹورز تینوں کے ہوتے ہوئے صحت کے شدید مسائل کا شکار ہیں۔ ان سب معاملات کے خلاف موثر قانون سازی اور نفاذ اشد وقت کی ضرورت ہے۔