اپوزیشن لیڈر شہباز شریف مکمل طور پر فٹ ہیں، انہیں کینسر نہیں ہے

ڈاکٹرز نے شہباز شریف کا سی ٹی اسکین اور مزید ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 24 نومبر 2018 14:29

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف مکمل طور پر فٹ ہیں، انہیں کینسر نہیں ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 نومبر 2018ء) : مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف سے متعلق گذشتہ روز انکشاف ہوا کہ ان کی میڈیکل رپورٹ میں کینسر کی علامات پائی گئی ہیں ۔ اس حوالے سے اسلام آباد کے سرکاری اسپتال پولی کلینک کے میڈیکل بورڈ نے مسٹر انکلیو میں اپوزیشن لیڈر کی رہائش گاہ پر شہباز شریف کا طبی معائنہ کیا۔

پولی کلینک کے میڈیکل بورڈ نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو فٹ قرار دیا اور کہا کہ شہباز شریف فٹ ہیں اور انہیں کینسر نہیں ہے۔ پولی کلینک کے سینئر ڈاکٹر عرفان،ڈاکٹر نوید ڈاکٹر حامد اور ڈاکٹر نیاز پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے بیماری کی مزید تشخص کے لئے فل بورڈ تشکیل دینے کی سفارش بھی کی جس کی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف کو دوسری بیماریوں کی دوائیں جاری رکھنے کا کہا گیا ہے۔

میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کے سی ٹی اسکین سمیت دیگر ٹیسٹ کروانے کی سفارش بھی کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی میاں شہباز شریف کا سی ٹی اسکین کل اسلام آباد میں کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ڈاکٹرز نے کہا کہ شہباز شریف کے مزید کچھ ٹیسٹ کیے جائیں گے جس کے بعد دوسری میڈیکل رپورٹ منظر عام پر لائی جائیں گی۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹ میں کینسر کی علامات ظاہر ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

شہباز شریف کی بلڈ رپورٹ میں کینسر کی علامات ظاہر ہوئیں۔ کینسر کی تشخیص شہباز شریف کے خون کے تجزیے کی رپورٹ میں ہوئی۔ ٹیسٹ شہباز شریف کے گلے میں تکلیف کے باعث کروائے گئے تھے۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے خون میں ایڈینو کارسنائیڈ نوڈیول کی مقدار 688 پائی گئی۔جس پر ڈاکٹروں نے شہباز شریف کو فوری طور پر سی ٹی اسکین کروانے کا مشورہ دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ شہباز شریف اس سے قبل بھی کینسر کے عارضے میں مبتلا رہ چکے ہیں، لیکن وہ سرطان سے صحتیاب ہو گئے تھے۔واضح رہے کہ سرطان کے مریضوں میں دوبارہ مرض ظاہر ہونے کے امکانات موجود ہوتے ہیں۔دو روز قبل مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو لاہور سے اسلام آباد پہنچا دیا گیا۔ شہباز شریف کو قومی ائیر لائن پی آئی اے کی پرواز پی کے 1852 کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد لے جایا گیا۔

شہباز شریف کو ایئر پورٹ سے سیدھا منسٹرز انکلیو منتقل کیا گیا، جہاں میڈیکل بورڈ نے ان کا طبی معائنہ کیا۔ 3 رکنی میڈیکل بورڈ پولی کلینک اسپتال کے ڈاکٹرز پر مشتمل تھا، کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر آصف عرفان میڈیکل بورڈ کے سربراہ ہیں۔ کارڈک فزیشن ڈاکٹرحامد اور نیب کے ڈاکٹر امتیاز میڈیکل بورڈ کا حصہ ہیں، یہ میڈیکل بورڈ شہباز شریف کا معمول کا طبی معائنہ کرے گا، خصوصی میڈیکل بورڈ نیب کی درخواست پر تشکیل دیا گیا جو اسلام آباد میں قیام کے دوران شہباز شریف کے ہمراہ ہی رہے گا اور وقتاً فوقتاً شہباز شریف کا طبی معائنہ کرے گا۔یاد رہے کہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی قومی اسمبلی کے گذشتہ اجلاس میں شرکت کے وقت بھی نیب کی درخواست پر میڈیکل بورڈ ترتیب دیا گیا تھا۔