چینی قونصل خانے پر حملہ کرنے والے دہشتگرد بلوچستان سے آئے تھے، مراد علی شاہ

ہفتہ 24 نومبر 2018 15:35

چینی قونصل خانے پر حملہ کرنے والے دہشتگرد بلوچستان سے آئے تھے، مراد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2018ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چینی قونصل خانے پر حملہ کرنے والے دہشتگرد بلوچستان سے آئے تھے۔ہفتہ کو وزیراعلیٰ ہائوس میں چینی سفیر یا جنگ نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی، اس موقع پر چین کے قونصل جنرل وانگ یو، چیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ، آئی جی ڈاکٹر کلیم امام اور پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو بھی موجود تھے۔

چینی سفیر نے کہا کہ ہماری یہ ملاقات کل کراچی میں چائنیز قونصل خانے پر ہونے والے حملے کے دوسرے دن ہو رہی ہے، کل یہ واقعہ پیش آیا اور آج میں آپ سے ملنے آیا ہوں، میں آپ کا شکرگزار ہوں کہ آپ نے فوری ہم سب سے رابطہ کیا اور اور حملے کو ناکام بنایا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ چینی ہمارے بھائی ہیں، آپ کی سیکیورٹی ہمارے لیے بہت اہم ہے، اس واقعے کے بعد میں نے فوری چائنیز قونصل خانے کا دورہ کیا، اس کے بعد امن و امان پر اجلاس کیا، میں نے قونصل خانے کی سیکیورٹی آڈٹ کی ہدایت کی ہے، قونصل خانے پر ڈیوٹی دینے والے تمام اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس دیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ حملہ کرنے والے دہشتگرد بلوچستان سے آئے تھے، اس حوالے سے میں نے وزیراعلی بلوچستان سے بھی بات کی ہے ہم مل کر سندھ۔ بلوچستان بارڈر پر مزید سخت چیکنگ کرنے جا رہے ہیں۔