Live Updates

اگر میرے خلاف کوئی نیب ریفرنس بنا تو میں مستعفی ہو جاؤں گا

وزیراعظم عمران خان کے مشیر زلفی بخاری کا بیان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 28 نومبر 2018 14:12

اگر میرے خلاف کوئی نیب ریفرنس بنا تو میں مستعفی ہو جاؤں گا
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 نومبر 2018ء) : وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ اگر مجھ پر کوئی نیب ریفرنس فائل ہوا تو میں مستعفی ہو جاؤں گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے امیگرینٹس آفس کی آن لائن رجسٹریشن کا افتتاح کردیا۔ زلفی بخاری کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزارت سمندر پار پاکستانیوں کی پہلی وزارت ہوگی جو پیپر لیس گورننس متعارف کروائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ زلفی بخاری نے کہاکہ پاکستان میں جو سرمایہ کار آنا چاہتے ہیں ہم انہیں رشوت مانگ مانگ کر مایوس کر دیتے ہیں۔ پانامہ لیکس میں آپ کا نام آگیا ہے تو اس کا مطلب نہیں ہے کہ کرپشن کی ہے۔

(جاری ہے)

انکوائری کو پبلک نہیں ہونا چاہئیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر علیم خان یا مجھ پر نیب کا ریفرنس فائل ہوا تو ہم بھی بابراعوان کی طرح اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کو وزارت اوورسیز پاکستان کا منسٹر انچارج تعینات کر دیا گیا ۔ جس کے تحت عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی معاونت کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ عام انتخابات 2018ء میں زلفی بخاری عمران خان کی این اے 53 میں چلائی جانے والی انتخابی مہم کے انچارج بھی تھے۔

زلفی بخاری کی بطور معاون خصوصی برائے وزیر اعظم تعیناتی پر عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔ اس معاملے پر بعد ازاں سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا گیا جس میں درخواستگزار نے زلفی بخاری کی نا اہلی کی استدعا کی تھی۔ زلفی بخاری کی نااہلی کے دائر درخواستیں سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیر سماعت ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات