شخصیت و کردار سازی اور علم و آگہی کو تعلیم کا حصہ نہ بنانا ہماری بدقسمتی رہی ہے ، راجہ راشد حفیظ

حکومت تعلیم کو خامیوں سے پاک کرکے پورے ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کرنے پر کام کر رہی ہے، وزیر خواندگی پنجاب

ہفتہ 1 دسمبر 2018 15:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2018ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ ہماری بدقسمتی رہی ہے کہ شخصیت و کردار سازی اور علم و آگہی کو تعلیم کا حصہ نہیں بنایا گیا اور موجودہ دور میں بے شمار نجی تعلیمی ادارے مقصد سے بے بہرہ تعلیمی ڈگریاں بانٹ رہے ہیں اور تعلیم کے نام پر بے تحاشا دولت جمع کرنے میں لگے ہوئے ہیں ․ تحریک انصاف کی حکومت تعلیم کو ان اور ان جیسی بے شمار دیگر خامیوں سے پاک کرکے پورے ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کرنے پر کام کر رہی ہے ․ اساتذہ طلبہ کی شخصیت و کردار سازی پر بھی بھر پور توجہ دیں ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین راولپنڈی میں سٹوڈنٹس کونسل کی نو منتخب عہدیداران سے ان کے عہدوں کا حلف لینے کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ اس موقع پر کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عالیہ سہیل کے علاوہ تدریسی عملہ اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ تعلیم کا مقصد محض ڈگری کا حصول اور ان کے بل پر نوکری کا حصول ہر گز نہیںہونا چائییے جیسا کہ اس وقت ہی․ تعلیم کا مقصد علم کا حصول اور حاصل کئے گئے علم کو اپنی زندگیوں پر لاگو کرنا ہوتا ہے ․ ہمارے ملک میں آج تک تعلیم کو با مقصد سمت نہیں دی جا سکی جس کی وجہ سے معاشرے میں ابتری ایک تسلسل کے ساتھ بڑھ رہی ہے ․ تحریک انصاف اس سسٹم کو تبدیل کرنے پر کام کر رہی ہے ․ راجہ راشد حفیظ نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنے طلبہ کی کردار سازی پر بھی بھر پور توجہ دیں ․ انہو ںنے کہا کہ ہم پنجاب میں شرح خواندگی کو سو فیصد کرنے کیلئ-ے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور غیر خواندہ افراد کو زندگی گزارنے کے بنیادی علوم سے بہرہ مند کرنے کیلئے مزید نئے سنٹرز بھی بنائے جائیں گے ․ اس موقع پر پرنسپل کالج نے راجہ راشد حفیظ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں کالج کی کارکردگی سے بھی آگاہ کیا ․ بعد ازاں راجہ راشد حفیظ نے سٹوڈنٹس کونسل کی عہدیداران سے ان کے عہدوں کا حلف لیا ۔