سیکنڈ انٹرنیشنل یوتھ سمٹ کی40 ممالک کے 100 رکنی وفد کا پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ ،ْ شاندار استقبال

سینیٹر ثنا جمالی نے وفد کو ایوان بالاء ، قومی اسمبلی کے ہالز کے علاوہ سینیٹ میوزیم اور گلی دستور کا دورہ کرایا نوجوان نسل کسی بھی ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں ،ْ تعلیم کے ذریعے دنیا کو پر امن اور ترقی یافتہ بنانے میں اہم کردارادا کرسکتے ہیں ،ْثناء جمالی ہمیں ملک کے عام عوام کی حالت زار کو بہتر کرنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہونگے ،ْ سینیٹر مشاہد حسین سید

ہفتہ 1 دسمبر 2018 23:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2018ء) سیکنڈ انٹرنیشنل یوتھ سمٹ کی40 ممالک کے 100 رکنی وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔ سینیٹر ثنا ء جمالی نے یوتھ سمٹ کے وفد کا پرتباک استقبال کیا اور وفد کو ایوان بالاء ، قومی اسمبلی کے ہالز کے علاوہ سینیٹ میوزیم اور گلی دستور کا دورہ کرایا۔وفد کو سینیٹ کانفرنس روم میں ایوان بالائ اور ایوان زریں کے کام کے طریقہ کار ، ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی اور انسانی حقوق کی فراہمی کے حوالے سے کی جانے والی قانون سازی بارے تفصیلی آگاہ کیا گیا۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ثناء جمالی نے کہا کہ نوجوان نسل کسی بھی ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔ نوجوان تعلیم کے ذریعے دنیا کو پر امن اور ترقی یافتہ بنانے میں اہم کردارادا کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکینڈ انٹرنیشنل یوتھ سمٹ کے وفد کو بلانے کا مقصد یہ بھی ہے کہ دنیا کوآگاہ کیا جا سکے کہ پاکستان ایک پرامن اور محبت کرنے والا ملک ہے۔

انہوں نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفد کو پارلیمنٹ ہاؤس میں آنے کی اجازت دینے سے دونوں ایوانوں کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور40 ممالک کے اس دورے میں شرکت کرنے والے نوجوانوں کو پاکستان کے پارلیمنٹ کے کام کے طریقہ کار سمجھنے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ یوتھ سمٹ کا وفد اتوار وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے لاہور میں ملاقات بھی کرے گا۔

قائد ایوان سینیٹ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ نوجوان اس دورے سے نہ صرف بہت کچھ سیکھ کر جائیں گے بلکہ انہیں اپنے خیالات کا تبادلہ، پاکستان کی ثقافت ، اس ملک کے نظام اور خاص طور پر پاکستان کی امن کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کو سمجھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان کسی بھی ملک کی حالت کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

نوجوان نسل ملک کے آنے والے لیڈرز ہوتے ہیں۔سینیٹر رخسانہ زبیری نے کہا کہ نوجوان نسل کو دنیا میں امن اور خوشحالی کے فروغ کیلئے انتھک محنت کرنی چاہیے۔سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ ایشیا مختلف خطوں کے مابین روابط کا حب بننے جارہا ہے۔سیاسی طاقت کا توازن مغر ب سے مشرق میں منتقل ہو رہا ہے۔ ایشیائی ممالک کے نوجوان اپنے ملک کی ترقی کیلئے مثبت کردارادا کریں۔

سی پیک کا منصوبہ دو ممالک کا منصوبہ نہیں ہے بلکہ یہ مختلف خطوں کو ملانے کا ایک سنگ میل ثابت ہوگا جس سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ مختلف ممالک کی تہذیب و تمدن ، ثقافت ، تجارت اور تجربہ بھی منتقل ہوگا۔ہمیں ملک کے عام عوام کی حالت زار کو بہتر کرنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خواتین کو مزید با اختیار بنانے کیلئے بھی قانون سازی کی جارہی ہے۔

مسلم ممالک میں پاکستان پہلا ملک ہے جس کی وزیراعظم اور سپیکر خاتون تھی۔ ممبر قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم نے یوتھ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یوتھ کیلئے ویز فیس کم کرانے کیلئے حکومت پاکستان سے درخواست کی ہے اور حکومت نے اس کا مثبت جواب دیا ہے تاکہ اس طرح کے وفود کے تبادلوں سے ملک کے مثبت امیج کو اجاگر کیا جا سکے۔ پولینڈ کے سفیر نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی مہمان نوازی ااور پرتباک استقبال کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور دہشت گردی کے تدارک کیلئے پاکستان نے جو اقدامات اٹھائے وہ قابل تعریف ہیں۔ مختلف ممالک کے طلباء وطالبات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کا پارلیمنٹ ہاؤس میں آنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے جس طرح مہمان نوازی کی ہے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

پاکستان خوبصورت لوگوں کا خوبصورت ملک ہے۔ پاکستان سے وہ اچھی یادیں لے جائیں گے۔ وفد نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے یوتھ پارلیمنٹرین کے رکن نسیم اچکزئی کا بھی شاندار انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سینیٹر ثناء جمالی کا شاندار استقبال پر بھی شکریہ ادا بھی کیا۔سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے پولینڈ کے سفیر کو ایوان بالاء کی طرف سے تحائف بھی پیش کیے۔

بریفنگ میں سینیٹر ستارہ ایاز ، رکن قومی اسمبلی مہناز اکبر عالم اورکنول شاہ نے بھی شرکت کی۔ یوتھ سمٹ وفد میں افغانستان ، بیلا روس ، برازیل ، چین ، جرمنی ، انڈونیشیاء ، ایران ، قازکستان، ملائیشیاء ، مالدیپ ، نیپال ، پولینڈ ، روس، جنوبی افریقہ ، تائیوان ، ترکی ، ازبکستان، یوکرین وغیر ممالک کے طلباء و طالبات شامل تھے۔قبل ازیں وفد کو چین کے سفارتخانے میں ظہرانہ بھی دیا گیا ،جہاں سینیٹر ثناء جمالی، سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید ، سینیٹر سجاد حسین طوری اور چین کے سفیر نے وفد کا استقبال کیا۔