کشمیر کے غیور نوجوان اپنے لہوسے تحریکِ حقِ خودارادیت کو پروان چڑھا رہے ہیں‘ سید علی گیلانی

کشمیرمیں کوئی گھر یا خاندان نہیں جس کو زخم نہ لگے ہوں اور جس نے قربانیوں میں اپنا حصہ پیش نہ کیا ہو‘ٹیلی فونک خطاب

پیر 3 دسمبر 2018 21:24

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے شہدائے کشمیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے غیور نوجوان اپنے لہوسے تحریکِ حقِ خودارادیت کو پروان چڑھا رہے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے ضلع پلوامہ کے علاقے بنڈنہ میںشہید عدنان احمد لون کی یاد میں منعقد تعزیتی مجلس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے بھارت کے جبری قبضے سے آزادی حاصل کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کے مقدس لہو کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جائے گااوران کے چھوڑے ہوئے مشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچا یا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب سے بڑا المیہ ہے کہ بھارت اپنے نشہٴ قوت میں چور ہوکر زمینی حقائق کو تسلیم کرنے سے بڑی ڈھٹائی کے ساتھ انکار کررہا ہے اور ہماری حقِ خودارادیت کی تحریک کو دبانے کے لیے ظلم و جبر اور بربریت پر انحصار کررہا ہے۔

(جاری ہے)

حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارت کے جبری قبضے سے آزادی حاصل کرنے کے لیے ہم نے ایک طویل جدوجہد کی ہے اور 6لاکھ سے زائد جانوں کی قربانی پیش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیرمیں کوئی گھر یا خاندان نہیں جس کو زخم نہ لگے ہوں اور جس نے قربانیوں میں اپنا حصہ پیش نہ کیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد انتخابات کا بائیکاٹ کرکے ہمیںبھارت کے حکمرانوں کو ایک واضح پیغام دینا ہوگا کہ ہمیں کسی بھی طرح کے الیکشن ڈرامے منظور نہیں بلکہ ہم صرف حقِ خودارادیت کا مطالبہ کرتے ہیں اور جب تک ہمارا یہ مطالبہ پورا نہیں ہوگا، ہم اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔

سید علی گیلانی نے عوام بالخصوص نوجوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لوگ تحریک آزادی کے ساتھ والہانہ عقیدت رکھتے ہیں اور ان کے جذبہٴ آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت دبانہیں سکتی۔انہوں نے حریت پسند عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نظم وضبط کا مظاہرہ کرکے اپنی مقدس تحریک کے خلاف ہورہی گھناؤنی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور دشمن کی چالوں سے خبردار رہتے ہوئے تحریک آزادی کو انتشار کی نذر کرنے کے تمام مذموم ہتھکنڈوں کوناکام بنائیں۔ حریت چیئرمین نے شہیدنوجوان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تمام شہداء کے لیے بلندی درجات کی دُعا کی۔