انٹی نارکوٹکس فورس وسائل کی کمی کے باوجود منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے ،میجر نوید راجہ

منشیات کے خلاف جہاد میں اب تک 8 افسران اور ایک پراسیکیوٹر شہید ہوچکے ہیں1995سے ابتک1814مقدمات قائم کئے اور 921افرادکو عدالتوں سے سزا ہوچکی ہے، انسداد منشیات فورس کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی صحافیوں سے بات چیت

پیر 3 دسمبر 2018 22:41

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2018ء) انسداد منشیات فورس کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن میجر نوید راجہ نے کہا ہے کہ انٹی نارکوٹکس فورس وسائل کی کمی کے باوجود منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے ، منشیات کے خلاف جہاد میں اب تک 8 افسران اور ایک پراسیکیوٹر شہید ہوچکے ہیں1995سے ابتک1814مقدمات قائم کئے اور 921افرادکو عدالتوں سے سزا ہوچکی ہے ،افغانستان میں پیدا ہونے والی منشیات کا 45 فیصد پاکستان اور ایران سے سمگل ہوتا ہے قبائلی نظام کی وجہ سے عوام معلومات کا تبادلہ نہیں کرتے،منشیات کی فصل کو کاشت کرنے کیلئے افغانستان سے لوگ آتے ہیں گلستان میں منشیات بنانے والی16 فیکٹریاں گلستان میں تباہ کی گئی۔

یہ بات انہوں نے پیر کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈائریکٹر اے این ایف بریگیڈیئر عاقب نذیر چوہدری، جوائنٹ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل ملک سرفراز بھی موجود تھے۔ انہوںنے کہا کہ اے این ایف لوگوں میں منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لئے بھی اقدامات کررہی ہے اور اس سلسلے میں غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلباء، اساتذہ اور والدین کو اس لعنت کے خاتمے اور شعور اجاگر کرنے کے لئے سیمینار، تقاریب اور لیکچرز کا اہتمام بھی کررہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں منشیات تیار کرنے والی فیکٹریاں بھی تباہ کردی گئی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اے این ایف کی اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوںنے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس قومی فریضہ کی ادائیگی کے لئے اے این ایف کا بھرپور ساتھ دیں۔ انہوںنے کہا کہ اے این ایف کے دفتر میں 1415 کے نمبر سے ہیلپ لائن قائم کیا گیا اور اطلاعات فراہم کرنے والوں کے نام خفیہ رکھا جاتا ہے۔

بریگیڈیئر عاقب نذیر چوہدری نے کہا کہ اے این ایف صوبہ میں ایف سی، لیویز اور پولیس کی مدد سے منشیات فروشوں اور منشیات کے فصل کو تلف کرنے کے لئے مشترکہ کارروائیاں کررہی ہے جبکہ پاک ایران سرحد پر بھی منشیات کی روک تھام کے لئے ایرانی حکومت کے تعاون سے مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اب تک 921 افراد گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ آٹھ سرکاری اہلکار جام شہادت نوش کیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ اے این ایف تمام ایجنسیوں کے تعاون سے مفت ٹریننگ کا بھی بندوبست کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اے این ایف نے ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پوست کی کاشت کی نشاندہی کرتی ہے جو بعد میں مقامی انتظامیہ کے تعاون سے تلف کیا جاتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بلوچستان ایک وسیع صوبہ ہے اور منشیات کے سمگلنگ میں دشواری پیش آتی ہے۔

انہوںنے امید ظاہر کی کہ سرحد پر خاردار لگانے سے منشیات کے سمگلنگ اور دہشت گردی پر قابو پایا جائے گا۔ بریگیڈیئر عاقب نذیر چوہدری نے کہا کہ اے این ایف اکیلا منشیات پر قابو نہیں پاسکتا ہے اس سلسلے میں وہ جلد وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری سے ملاقات کریں گے تاکہ صوبائی حکومت کے تعاون سے منشیات کی تدارک کے لئے مشترکہ کارروائیاں عمل میں لائی جاسکیں۔ انہوںنے کہا کہ اے این ایف کے زیراہتمام صوبہ کے مختلف علاقوں میں 9 پولیس اسٹیشن کام کررہے ہیں۔