Live Updates

ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے سے روک دیا،

(ن) لیگ کا غیرقانونی اقدام کو متعلقہ قانونی فورم پر چیلنج کرنے کا فیصلہ حمزہ شہباز اپنے بھائی سے ملنے غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز سے لندن جا رہے تھے،پہلے کہا نام بلیک لسٹ ،بعد میں بتایا ای سی ایل میں شامل ہے امیگریشن حکام کے موقف میں تبدیلی دبائو کا واضح ثبوت ہے،ایک بارپھر ثابت ہوگیا نشانہ شریف خاندان ہے‘مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب

منگل 11 دسمبر 2018 14:55

ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے سے روک دیا،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای)نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے سے روک دیا،مسلم لیگ (ن) نے (ن) لیگ کا غیرقانونی اقدام کو متعلقہ قانونی فورم پر چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز اپنے بھائی سے ملنے غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز سے لندن جا رہے تھے۔

حمزہ شہباز کے مطابق بورڈنگ کارڈ حاصل کرنے کے بعد جب وہ امیگریشن کائونٹر پر پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ مل سے باہر نہیں جا سکتے کیونکہ ان کے خلاف نیب میں انکوائری چل رہی ہے۔اس موقع پر حمزہ شہباز نے ایف آئی اے حکام کو بتایا کہ وہ نیب میں چلنے والی انکوائری میں مطلوب نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ نیب حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی تحقیقات کر رہا ہے، جس میں گرفتاری سے بچنے کے لیے انہوں نے حفاظتی ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا نام بلیک لسٹ میں ڈالنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حمزہ شہباز امیگریشن کائونٹر پر پہنچے تو پہلے انہیں بتایاگیا کہ ان کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہے،پھر موقف بدل کر کہاگیا کہ حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل میں ہے،یہ اطلاع ملنے پر حمزہ شہبازامیگریشن کائونٹر سے واپس چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ امیگریشن حکام کے موقف میں تبدیلی دبائو کا واضح ثبوت ہے،کس بنیاد پر اپوزیشن لیڈر کا نام سفری پابندی والی لسٹ میں ڈالا گیا ۔ہائیکورٹ اور احتساب عدالت کہہ چکی ہے کہ وہ کسی مقدمے میں مطلوب نہیں، پھر ایسا کیوں ہوا ،ایک بارپھر ثابت ہوگیا کہ نشانہ شریف خاندان ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کے لاڈلے کا نام بلیک لسٹ میں ہونے کا جوازبنا کر بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی تھی،نئے پاکستان میں دو قانون لاگو ہیں، ایک اپوزیشن، شریف خاندان، عوام کے لئے اور دوسرا عمران خان اور ان کے لاڈلوں کے لئے ہیں،کیا حمزہ شہبازخدانخواستہ اشتہاری ہیں دہشت گرد ہیں مقدمے میں مطلوب ہیں ۔

دراصل احتساب کی بندوق کے نشانے پر شریف خاندان ہے جسے علمیہ باجی، ذوالفی بخاری، علیم خان اور دیگر نظر نہیں آتے،غیرقانونی اقدام کو متعلقہ قانونی فورم پر چیلنج کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات