یو آئی ٹی کے الیکٹرنکل انجینئرنگ گریجویٹس امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا میں براہ راست کام کیلئے اہل ہیں، عثمان انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی

بدھ 12 دسمبر 2018 23:16

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، کراچی سے الحاق شدہ عثمان انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (یو آئی ٹی) نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ اس کے الیکٹریکل انجینئرنگ پروگرام کے گریجویٹس امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت دنیا کے دیگر ممالک کیلئے ورک ویزا حاصل کرنے کے اہل ہیں۔

گریجویٹس کو ان ممالک میں پروفیشنل انجینئرز کے طور پر اپنے آپ کو شامل کرنے کے لئے کسی مساوی یا اہلیت کا امتحان پاس کرنا ضروری نہیں ہوگا۔ عثمان انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی پاکستان کے ان تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے جس کے چار الیکٹرکل انجینئرنگ پروگرام (کمپیوٹر سسٹمز، الیکٹرانکس، پاور اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن) نے واشنگٹن ایکارڈ کے تحت پی ای سی او بی ای لیول II ایکریڈیٹیشن حاصل کرتے ہوئے یہ مقام حاصل کیا ہے۔

(جاری ہے)

عثمان انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ یو آئی ٹی سے اب تک 3500 سے زائد طلباء نے گریجویشن مکمل کی ہے جو صنعت، کاروباروں، سافٹ ویئر ہائوسز، حکومتی اداروں اور متعدد دیگر کاروباری اداروں میں ملازمت اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ان میں سے متعدد نے اپنے ذاتی کاروبار کا آغاز کیا جبکہ متعدد طلباء نے اپنے شعبوں میں اعلیٰ مقام حاصل کیا ہے۔ ہمارے گریجویٹس کے لئے یہ ویزا سہولت دیگر مایہ ناز اداروں اور یونیورسٹیوں کی طرح ہمارے ادارے کی عالمی ساکھ کے حصول کیلئے علامت ہے۔