ذرائع ابلاغ نے ہمیشہ عوام کے شعور کو بیدار میں سوئی سدرن کا بھرپور ساتھ دیا ہے،

میڈیا کے ساتھ علماء کرام اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی

جمعرات 13 دسمبر 2018 18:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) بلوچستان میں موسم سرما کی سالانہ حفاظتی تشہیری مہم کا افتتاح ہوگیا۔ جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی مدنی صدیقی نے مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مدنی صدیقی نے کہا کہ ذرائع ابلاغ نے ہمیشہ پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے عوام کے شعور کو بیدار کرنے کی اس مہم میں سوئی سدرن کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ سردیوں کے موسم میں صارفین گیس کی محفوظ استعمال کا خاص خیال رکھیں اور سونے سے پہلے گیس کے ہیٹر ضرور بھجا دیں۔ انہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے لئے میڈیا کے ساتھ علماء کرام اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ مدنی صدیقی نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے ان علاقوں جہاں پائپ لائن کے ذریعے گیس کی فراہمی ناممکن ہے وہاں ایل پی جی کے ذریعے گیس فراہم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اگلے پانچ سال کے دوران دس پلانٹس کے ذریعے بلوچستان کے تمام اضلاع کو گیس فراہم کی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ آبادی میں اضافے کی وجہ سے مقامی سطح پر گیس کی فراہمی اور کمی بیشی کا مسئلہ درپیش ہے جس کے حل کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر انہوںنے اس مہم میں حصہ لینے والے محکمہ کے آفیسران اور اہلکاروں سے حلف بھی لیا۔بعد میں مدنی صدیقی نے مہم میں حصہ لینے والی گاڑیوں کو رخصت کیا۔