Live Updates

شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے پر حکومتی آمادگی کا خیرمقدم کرتے ہیں، مصطفی نواز کھوکھر

جمعرات 13 دسمبر 2018 21:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو چیئرمن پی اے سی بنانے پر حکومتی آمادگی کا خیرمقدم کرتے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو کی تجویز پر معاملہ آگے بڑھا اور جمہوریت کی فتح ہوئی۔ انہوں نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو نے اپوزیشن لیڈر کو چیئرمین پی اے سی بنانے کیلئے شہباز شریف کی حمایت کی تھی۔

(جاری ہے)

چیئرمن بلاول کا مؤقف واضح اور دوٹوک رہا کہ چیئرمین پی اے سی کے عہدے پر اپوزیشن لیڈر کا ہی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو چیئرمین پی اے سے مقرر کرنے کی روایت خود پیپلز پارٹی نے ڈالی، نواز دور کے پیراز کے آڈٹ کیلئے الگ کمیٹی بنانے کی تجویز بھی پیپلز پارٹی نے ہی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی تجویز پر اتفاق کرکے پارلیمنٹ کو ڈیڈ لاک کی صورتحال سے بچا لیا گیا ہے، پی پی پی جمہوری روایتوں کی امین جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے سیاسی نفع نقصان کیلئے نہیں جمہوریت اور اداروں کی بہتری کیلئے فیصلے کرتے ہیں، آج پھر پیپلز پارٹی کے اصولی مؤقف کی وجہ سے پارلیمنٹ سرخرو ہوئی ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات