پاکستان اور اٹلی کا سیاسی، تجارتی، سرمایہ کاری، دفاع اور تعلیم سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

یہ اتفاق رائے پاک۔اٹلی سالانہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کے چوتھے مرحلہ کے موقع پر پایا گیا، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاکستانی وفد جبکہ سیکرٹری جنرل برائے خارجہ امور الزابیتا بالونی نے اطالوی وفد کی قیادت کی،۔ ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) پاکستان اور اٹلی نے سیاسی، تجارتی، سرمایہ کاری، دفاع اور تعلیم سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے جمعرات کو یہاں پاک۔اٹلی سالانہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کے چوتھے مرحلہ کے موقع پر پایا گیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاکستانی وفد جبکہ سیکرٹری جنرل برائے خارجہ امور الزابیتا بالونی نے اطالوی وفد کی قیادت کی۔

فریقین نے باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی معاملات سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کو زیر بحث لایا۔ انہوں نے موجودہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار اور سیاسی، تجارتی، سرمایہ کاری، دفاعی، تعلیم، آرکیالوجی، سیاحت اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میںدوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

دونوں فریقوں نے دونوں ملکوں کے مابین ایل این جی اورماربل مائننگ، کے شعبوں میں تعاون سے متعلق بین الحکومتی معاہدہ طے پانے کا خیر مقدم کیا۔

اطالوی وفد کو پاک۔بھارت تعلقات اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت خطے میں امن و سلامتی کے حوالے سے بریف کیا۔اطالوی سیکرٹری جنرل برائے خارجہ امور نجی سیکٹر کے زریعے جوائنٹ ونچرز سمیت تجارت اور سرمایہ میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔اٹلی میں پاکستانی تارکین کے کردار کو سراہا گیا جبکہ غیر قانونی تارکین وطن سے متعلق امور بھی زیر بحث لائی گئیں۔دو طرفہ سیاسی مشاورت کا پانچواں مرحلہ اگلے سال روم میں منعقد ہو گا۔