لاہور، عالم اسلام کے مسائل کاحل وحدت اُمت میں ہے ، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

ہفتہ 15 دسمبر 2018 19:55

لاہور، عالم اسلام کے مسائل کاحل وحدت اُمت میں ہے ، حافظ محمد طاہر محمود ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 دسمبر2018ء) عالم اسلام کے مسائل کاحل وحدت اُمت میں ہے ، وحدت اُمت کانفرنس مکة المکرمہ میں انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف 172 ممالک کے 1200 سے زائد مندوبین کا جدوجہد کا اعلان ، رابطہ عالم اسلامی مسلمانوں کی واحد نمائندہ عالمی تنظیم ہے جس نے بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے نمایاں کردار ادا کیا ہے ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور دفاع حرمین شریفین کونسل کے امیر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے وحدت امت کانفرنس مکة المکرمہ کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، کانفرنس کی صدارت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کے مشیر اور گورنر مکة المکرمہ خالد الفیصل نے کی، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹرمحمد بن عبد الکریم العیسیٰ ، مفتی اعظم لبنان ، مفتی اعظم مصر ، مفتی اعظم متحدہ عرب امارات ، وفاقی وزیر مذہبی امور پاکستان ، نائب سربراہ جامعہ الازھر، مفتی اعظم سعودی عرب اور دیگر نے کہا کہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی نے امت مسلمہ کو نقصان پہنچایا ہے ، بے گناہ انسانیت کو قتل کرنے والے اور ذاتی مصلحتوں اور مفادات کے تحت فتوے دینے والے امت مسلمہ اور اسلام کے نمائندہ نہیں ہیں، امت مسلمہ اور اسلام کا نمائندہ وہی ہو گا جو قرآن و سنت پر چلے گا ۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے کہا کہ القاعدہ اور داعش جیسی تنظیموں سے مسلم نوجوانوں کو بچانے کیلئے اسلام کے پیغام امن و سلامتی کو پوری دنیا تک پہنچانے کیلئے باہمی اتحاد سے جدوجہد کرنی ہو گی اور غیر مفتیوں کے فتووں سے بچانے کیلئے اسلامی ممالک کو قانون سازی کرنی چاہیے۔ کانفرنس کے مندوبین نے ایک متفقہ قرار داد کے ذریعے سعودی عرب کے سربراہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیزاور ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی اسلام اور مسلمانوں کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ارض الحرمین الشریفین وحدت امت کی علامت ہے اور شاہ سلمان بن عبد العزیز کا یہ کہنا کہ مملکت سعودی عرب اور اسلام سب کیلئے ہے پوری امت کیلئے مشعل راہ ہے ۔

کانفرنس کی اختتامی نشست میں بین المسالک مکالمہ اور بین المذاہب رواداری کیلئے مشترکہ جدوجہد پر زور دیا گیا ۔ اعلان مکہ کے نام سے جاری اعلامیہ 13 صفحات پر مشتمل ہے ، کانفرنس کی آخری نشست سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کشمیر سے فلسطین اور یمن سے شام تک کے مسائل کا حل وحدت امت میں ہے ، وحدت امت سے ہی مسلمانوں کے مسائل حل ہو سکتے ہیں ، آج اسلامی ممالک بالخصوصی سعودی عرب اور اس کی قیادت کے خلاف جو پراپوگنڈہ کیا جا رہا ہے اس کا مقابلہ کرنا ہوگا اور مسلمانوں کے مرکز ارض حرمین شریفین اور دیگر اسلامی ممالک کے خلاف ہونے والی سازشوں کو باہمی اتحاد سے ناکام بنانا ہو گا۔