Live Updates

ن لیگ کا 30 دسمبر سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ

ابتدائی طور پر ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں جلسے کیے جائیں گے، عوامی جلسوں سے نواز شریف بھی خطاب کریں گے نواز شریف کو ممکنہ سزا کی صورت میں مریم نواز بھی عوامی رابطوں کو جوائن کریں گی ،ْنجی ٹی وی کا دعویٰ موجودہ حکومت نے 100 روز میں ہی معیشت کا برا حال کر دیا ہے ،ْ نواز شریف کا اجلا س سے خطاب سابق وزیر اعظم کی مڈ ٹرم انتخابات یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے پارٹی کو بھرپور تیاری کی ہدایت

پیر 17 دسمبر 2018 18:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )نے 30 دسمبر سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،ْابتدائی طور پر ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں جلسے کیے جائیں گے، عوامی جلسوں سے نواز شریف بھی خطاب کریں گے ،ْنواز شریف کو ممکنہ سزا کی صورت میں مریم نواز بھی عوامی رابطوں کو جوائن کریں گی۔ پیر کو سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف اور محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن )کا اعلیٰ سطح کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے پارٹی رہنماؤں کو ن لیگ کے تنظیمی امور پر بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک بھر میں پاکستان مسلم لیگ ن کی از سر نو تنظیم سازی کا معاملہ زیر غور آیا۔اس کے علاوہ پارلیمنٹ میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل اور اپوزیشن کو ملنے والے حصے پر بھی بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے معاملے پر بھی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن )نے 30 دسمبر سے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں جلسے کیے جائیں گے، عوامی جلسوں سے نواز شریف بھی خطاب کریں گے۔ذرائع کے مطابق جلسوں سے خطاب کے لیے 6 سینئر رہنماوں کی ڈیوٹی بھی لگا دی گئی ہے۔احسن اقبال، خواجہ آصف، شاہد خاقان عباسی، مشاہد اللہ خان جلسوں سے خطاب کریں گے۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ نواز شریف کو ممکنہ سزا کی صورت میں مریم نواز بھی عوامی رابطوں کو جوائن کریں گی۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کا پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا پردہ عوام کے سامنے چاک ہو چکا ہے، اب عوام کی آواز پر کان دھرنا ہو گا۔نواز شریف نے کہاکہ اس وقت سب سے بڑا چیلنج معیشت کا ہے اور موجودہ حکومت میں ملک کو سنبھالنے کی اہلیت نہیں ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 100 روز میں ہی معیشت کا برا حال کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز میں پارٹی دفاتر قائم کرنے کی ہدایت کی ہے اس کے علاوہ نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو کارکنوں سے روابط بڑھانے اور کارکنوں کو فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مڈ ٹرم انتخابات یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے پارٹی کو بھرپور تیاری کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے یومِ تاسیس منانے کی تیاری بھی شروع کردی ہے ،ْ اس موقع پر کنونشن کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔کنونشن کا انعقاد لاہور میں کیا جائے گا جہاں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پارٹی کارکنان سے خطاب کریں گے۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی مرکزی و صوبائی قیادت بھی موجود ہوگی ،ْ نواز شریف پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔

کنونشن میں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز بھی شرکت کریں گی، تاہم ان کے خطاب کرنے سے متعلق تصدیق نہیں کی جاسکی۔علاوہ ازیں یومِ تاسیس کی مناسبت سے ملک کے تمام شہروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جن میں کانفرنسز، سیمینار، مذاکرے اور مباحثے شامل ہوں گے۔تقریبات میں مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ مرکزی، صوبائی، ڈویژنل، ضلعی، تحصیل اور سٹی عہدیداران سمیت کارکنان کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے ذمہ داران جماعت کی پالیسی اور مختلف مسائل پر پارٹی مؤقف کے بارے میں کارکنان کو اعتماد میں لیں گے۔ قبل ازیں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اپنے بھائی رکن قومی اسمبلی شہباز شریف سے ملاقات کیلئے وفاقی دارالحکومت میں منسٹر انکلیو پہنچے جبکہ پارٹی کے دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔نواز شریف نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے گرفتار اپنے بھائی سے ان کی خیریت دریافت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات