پیپلز پارٹی رہنما فیصل عابدی کی غیر مشروط معافی قبول

سپریم کورٹ نے فیصل رضا عابدی کی معافی کے بعد ان کے خلاف توہین عدالت کیس ختم کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 دسمبر 2018 13:24

پیپلز پارٹی رہنما فیصل عابدی کی غیر مشروط معافی قبول
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2018ء) : سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل رضا عابدی کی توہین عدالت کیس میں معافی قبول کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل رضا عابدی کے خلاف تین رکنی بنچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں پیپلز پارٹی رہنما فیصل رضا عابدی کی غیر مشروط معافی قبول کرتے ہوئے ان کے خلاف کیس ختم کر دیا۔

سپریم کورٹ نے فیصل رضا عابدی کو آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی۔ سماعت کے دوران جسٹس عظمت سعید نے کہاکہ فیصل رضا عابدی کی معافی قبول کرتے ہیں۔ معافی قبول کرنے سے فیصل رضا عابدی کے خلاف دیگر کیسز ختم نہیں ہوں گے، فیصل رضا عابدی کی معافی کا ان کے خلاف چلنے والے دیگر کیسز سے کوئی تعلق نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 14 دسمبر کو پیپلزپارٹی کے سینئر مرکزی رہنماء فیصل رضا عابدی کے خلاف توہین عدالت کا کیس 19 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل رضا عابدی کو اسلام آباد پولیس نے سپریم کورٹ کے باہرسے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے آئے تھے۔ جس کے بعد پی پی پی رہنماء پی پی فیصل رضا عابدی کو اڈیالہ جیل میں قید کر دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ توہین عدالت کی کارروائی میں سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء نہال ہاشمی کے خلاف بھی ایکشن لیا تھا جس کی بنیاد پر انہیں نہ صرف گھر جانا پڑا بلکہ جیل کی سزا بھی کاٹنی پڑی تھی۔

اسی طرح ن لیگ کے متحرک رہنماء طلال چودھری، دانیال عزیز کو بھی توہین عدالت کیس میں نااہلی کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے عدالتوں کے فیصلوں کو قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف بھی اسی طرز پر کارروائیاں کی جائیں۔