جانوروں کی آلائشوں سے نکالا جانیوالا خوردنی تیل ،اسکا کمرشل استعمال کینسر کا موجب بننے کے انکشاف پر تحریک التوائے کار جمع

مضر صحت تیل عام طور پر ریسٹورنٹ میں تیار ہونے والے کھانوں میں استعمال کیا جاتا ہے سخت ایکشن لیا جائے‘خدیجہ فاروقی

جمعرات 20 دسمبر 2018 15:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی پنجا ب فوڈ نے انکشاف کیا ہے کہ جانوروں کی آلائشوں سے نکالا جانے والا خوردنی تیل اور اس کا کمرشل استعمال کینسر کا موجب ہے انہوںنے کہا کہ یہ مضر صحت تیل عام طور پر ریسٹورنٹ میں تیار ہونے والے کھانوں میں استعمال کیا جاتا ہے اس حوالے سے سخت ایکشن لیا جائے اور انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے اس کے علاوہ مضر صحت تیل سمیت اشیائے خورد ونوش تیار کرنے والے عناصر کو کڑی سزائیں دینے کیلئے قانون کو سخت بنایا جائے انہوںنے مزید کہا کہ ملاوٹ شدہ اشیاء کی تیاری اور فروخت انسانی المیہ کی شکل اختیار کرگیا۔

(جاری ہے)

منافع خوری کے اس رجحان کو سختی سے کچلنے کی ضرورت ہے رکن اسمبلی نے صحت مند خورا ک کے حوالے سے ڈی جی فوڈ کی طرف سے سوشل میڈیا پر صارفین کی رہنمائی کیلئے مہم چلانے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کو بے نقاب ہونا چاہیے اور ایسے انسانیت کے دشمنوں کو کاروبار کرنے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے ۔