عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، محمد نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے، سی پیک منصوبوں کا تسلسل جاری رہنا چاہیے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کی پریس کانفرنس

بدھ 26 دسمبر 2018 00:10

عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، محمد نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے، سی پیک منصوبوں کا تسلسل جاری رہنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں سینیٹر مشاہد اللہ، سینیٹر مصدق ملک، سینیٹر مشاہد حسین، ارکان قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ، مریم اورنگزیب، احسن اقبال اور محمد زبیر نے یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پارٹی کی پوری قیادت پوری قوم کو بابائے قوم کی یوم ولادت اور ملک بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری ملکی دفاع اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف عدالتی فیصلے پر قانونی چارہ جوئی کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کو بدعنوانی کے مقدمات میں گرفتارکیا جا رہا ہے لیکن ان کی مخالف جماعتوں کے رہنمائوں کو ایسے مقدمات میں گرفتار نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ان فیصلوں سے عوامی سطح پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت اور ہمدردی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک سے دہشتگردی ختم کر کے امن و امان بحال کیا، توانائی بحران ختم کیا، معیشت کو ترقی دی۔

انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں اور عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں، جس کے باعث سابق وزیراعظم محمد نواز شریف 165 بار احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میٹرو اور ملتان میٹرو کے آڈٹ کی طرح پشاور میٹرو کا آڈٹ بھی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو سب کا بلا امتیاز احتساب کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عدالتوں سے ریلیف ملنے کی امید ہے اور ہم تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا تسلسل جاری رہنا چاہیے، یہ قومی نوعیت کا منصوبہ ہے۔