سابق رُکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کو نامعلوم مسلح افراد نے کراچی میں فائرنگ کرکے قتل کردیا

بدھ 26 دسمبر 2018 00:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2018ء) سابق رُکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کو نامعلوم مسلح افراد نے کراچی میں فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ایس ایس پی جنوبی پیر محمد شاہ نے کہا کہ سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان غازی میں پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ علی رضا عابدی جیسے ہی دفتر سے اپنے گھر کے قریب پہنچے تو ان پر فائرنگ کی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کے مطابق یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ علی رضا عابدی پر فائرنگ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کی یا پھر ملزمان کسی گاڑی میں سوار تھے۔ فائرنگ کی زد میں آ کر علی رضا عابدی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے پی این ایس شفا ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔یاد رہے کہ علی رضا عابدی 2013 کے عام انتخابات میں میں کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 251 سے 81 ہزار603 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے۔