Live Updates

وزیراعظم عمران خان 22 جنوری کو قطر کا دورہ کریں گے: وزیر خارجہ

کریڈٹ مت لیں، آرمی چیف پہلے ہی قطر کا دورہ کر چکے ہیں: احسن اقبال کا حکومت پر طنز

muhammad ali محمد علی ہفتہ 12 جنوری 2019 19:58

وزیراعظم عمران خان 22 جنوری کو قطر کا دورہ کریں گے: وزیر خارجہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 جنوری2019ء) وزیراعظم عمران خان کے قطر کا دورے کے اعلان پر سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے حکومت پر طنزیہ وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کریڈٹ مت لیں، آرمی چیف پہلے ہی قطر کا دورہ کر چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 22 جنوری کو قطر کا اہم ترین دورہ کریں گے۔

وزیر خارجہ کے اس اعلان پر سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے ٹوئٹر پر ایک پیغام کے ذریعے حکومت پر طنزیہ وار کیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں احسن اقبال نے وزیر خارجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کریڈٹ مت لیں، آرمی چیف پہلے ہی قطر کا دورہ کر چکے ہیں۔ احسن اقبال کی جانب سے یہ ٹوئٹ کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ قطر کا شیڈول طے کرلیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ عمران خان 22جنوری کوایک روزہ دورے پر قطر روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان دوحہ میں امیر قطر اور اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں پاک قطر تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ قطر میں مختلف معاہدوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔ وزیر اعظم عمران خان قطری قیادت سے ایل این جی معاملے پر بھی بات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ قطر کے دوران وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، اسد عمر، وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، معاون خصوصی زلفی بخاری، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین اور سعودی عرب کے دوروں کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔ سعودی وزیرتوانائی خالد الفالح نے وزیرپٹرولیم غلام سرورکے ساتھ آج گوادر پورٹ کا دورہ کیا۔

سعودی وزیرتوانائی خالد الفالح نے گوادر میں آئل ریفائنری کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر سعودی وزیرتوانائی خالد الفالح نے کہا کہ گوادر میں سعودی عرب سب سے زیادہ سرمایہ کاری کرے گا۔ پاکستان اور سعودی عرب کاخطے میں امن کیلئے بہت اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادرپورٹ دنیا کے اہم خطے میں واقع ہے۔گواد پاکستان، چین اور سعودی عرب کی دوستی کی مثال بنے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات