وادی کاغان میں برف باری کا سلسلہ دو روز تک جاری رہنے کے بعد تھم گیا

دو دن تک بغیر کسی وقفہ کے ہونے والی برف باری نے گذشتہ 15 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

پیر 14 جنوری 2019 14:59

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) وادی کاغان میں برف باری کا سلسلہ دو روز تک جاری رہنے کے بعد تھم گیا، دو دن تک بغیر کسی وقفہ کے ہونے والی برف باری نے گذشتہ 15 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، برف باری سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا، وادی کاغان میں برف باری کے دوران بجلی بند رہنے سے لوگوں کے رابطہ بھی منقطع ہو کر رہ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

رواں سال جنوری کے مہینہ میں ہونے والی برف باری کئی مقامات پر چار فٹ تک ریکارڈ کی گئی جو عملاً فروری میں بھی نہیں ہوتی، ابھی سردیوں کے دو ماہ باقی ہیں اور وادی میں مزید برف باری کا امکان ہے۔ رواں سال کئی برس بعد یہ بات دیکھی گئی ہے کہ گذستہ چند روز قبل ہونے والی برف جم جانے سے برف پگھلنے کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے جو اب گرمیوں کا موسم شروع ہونے پر ہی پگھلنا شروع ہو گی جس سے وادی کاغان میں سردیوں کا موسم لمبا ہو جائے گا۔ شدید برف باری سے شوگراں، کاغان اور دیگر علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہیں جبکہ شاہراہ کاغان پر شدید پھلسن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔