Live Updates

برے دن گئے، اچھا وقت آنے والاہے، دوست محمد مزاری

منگل 15 جنوری 2019 21:00

برے دن گئے، اچھا وقت آنے والاہے، دوست محمد مزاری
لاہور۔15 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ اب برے دن گئے اور اچھا وقت آنے والاہے۔ آرام کا وقت گیا اور اب کام کرنے کا وقت آگیا۔ اب کام کام اور صرف کام ہوگا ۔پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت عوام کی فلاح وبہبود کیلئے دن رات خون پسینہ ایک کر کے کام کر رہی ہے۔

تمام وزراء کو یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اس کو بہتر بنائیں تاکہ صوبے کی بہتری اور عوام کی خوشحالی کیلئے کسی قسم کے مسائل درپیش نہ ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں اپنے چیمبر میں اراکینِ پنجاب اسمبلی سے بات چیت کے دوران کیا۔ انکا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں مفادِ عامہ کیلئے ریکارڈ قانون سازی کیلئے تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

مجھ سمیت تمام ممبران اسمبلی ملک کی بہتری اور عوام کی خدمت کے سفر میں ایک ساتھ اور یکجا ہیں۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ تمام اراکینِ اسمبلی اجلاس میں بھرپور اور سنجیدگی سے حصہ لے رہے ہیں اوراسمبلی فلور پر اپنے اپنے حلقہ کے عوام کی نمائندگی احسن انداز سے کر رہے ہیں۔ صوبے کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی قیمتی تجاویز سے بھی نواز رہے ہیں جس سے حکومت بھرپور طریقہ سے مستفید ہو رہی ہے۔

ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے اور وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں ہماری حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہے۔عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب میں ہر شعبہ میں تیزی سے کام ہو رہا ہے جس کے ثمرات بہت جلد عوام تک پہنچیںگے، جبکہ سابقہ حکومتوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو پسِ پردہ رکھتے ہوئے صرف لوٹ مار کو ترجیح دی۔ پنجاب میں تعلیم، صحت ، فوری اور سستے انصاف اور صاف پانی کی فراہمی کیلئے تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ بہت جلد وہ تبدیلی آئیگی جس کا خواب وزیرِ اعظم عمران خان، پاکستان تحریکِ انصاف اور ہم پر اعتماد کرنے والے عوام نے دیکھا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات