ڈائو یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام دوسرے فیملی میڈیسن کلینک کا افتتاح

بدھ 16 جنوری 2019 21:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ نیشنل انسٹیٹیو ٹ آف چائلڈ ہیلتھ جے پی ایم سی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈ یو ویسکولر ڈیزیز کو صوبے کے ماتحت واپس لانے کے لیے حکومت ِ سندھ عدالت میں نظر ثانی درخواست دائر کرنے کے لیے ماہرین ِ قانون سے مشاورت کر رہی ہے، سندھ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیوویسکو لر ڈیزیز کا بل منظور کردیا ہے، اس کا ہیڈ کواٹرسکھر میں بنایا جائے گا، جبکہ رواں سال سندھ بھر میں 40میں سے 31ٹراما سینٹر فعال ہوجائیں گے، جو کراچی کے شہید محترمہ بینظیر بھٹو ٹراما سینٹر کی طرز کے ہونگے، یہ باتیں انہوں نے ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائسنز کے ہجرت کالونی میں قائم ہونے والے دوسرے فیملی میڈیسن کلینک کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہیں، ا س موقع پر ڈائو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی، پرو وائس چانسلر ز پروفیسر ڈاکٹر محمد مسرور ، پروفیسر ڈاکٹر خاور سعید جمالی، ڈائریکڑ اسپورٹس ڈائو یونیوسٹی پروفیسر سید مکرم علی، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ فیملی میڈیسن اسسٹنٹ پروفیسرانعم ارشد بیگ، ڈائریکٹر فنانس مسٹر ندیم شکور جویری سمیت سینئر فیکلٹی ممبرز موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے صوبائی وزیرِ صحت نے تختی کی نقاب کشائی کرکے کلینک کا باقاعدہ افتتاح کیا ، ان کا کہنا تھا کہ عدالت کے پیشِ نظر یقینا کوئی حکمتِ ہوگی، جبکہ سندھ حکومت سمجھتی ہے کہ اسپتال چلانا وفاق کے بس کی بات نہیں، ساری دنیا کے سامنے مثال موجود ہے کہ جب امراض قلب اور امراض اطفال کے قومی ادارے اور جناح اسپتال صوبہ سندھ کے کنٹرول میں آئے ، ان کا انتظام بہترین ہوگیا، وفاقی حکومت کے پاس اتنے پیسے بھی نہیں ہوتے جتنے ہم خرچ کر سکتے ہیں، 8ارب روپے سالانہ خرچ کر رہے ہیں، ہم سندھ کے عوام کی صحت کے متعلق فکر مند ہیں، کہ وفاق اب کیسے ان اداروں کا انتظام چلائے گا، اب وفاق سے ہی کہیں گے جب تک کوئی نیا فیصلہ نہیں آتا رواں مہینے سے ہی ان اداروں کو سنبھالے ، ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی سمیت دیگر امور کی انجام دہی کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ پرائمری ہیلتھ کیئر کے انتظامات کی کوشش کر رہی ہے، جیسا کہ ڈائو فیملی میڈیسن کلینک سول اسپتال جیسے سیکنڈری اداروں کی حالت بھی بہتر بنائی جائے گی، مگر ان بڑے اداروں پر سے مریضوں کا دبائو کم کرنے کے لیے پرائمری ہیلتھ کیئر کو مضبوط کہا جائے گا، لوگ نزلہ کھانسی علاج کے لیے بھی سول اسپتال جاتے ہیں، انہیں گھر کے دروازے پر یہ سہولت ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آہستہ آہستہ اسپتالوں کی حالت بہتر بنائی جارہی ہے، ہمیں احساس ہے کہ مطلوبہ معیار کے مطابق سہولتیں نہیں دے پا رہے، مگر مسلسل بہتری کی کوششیں جاری ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں صحت بعض امور کے ایم سی کے پاس ہیں، اس لیے وہ بھی صحت و صفائی کے حوالے سے اقدامات کر یں، حکومت ِ سندھ تعاون کر رہی ہے اور کریگی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل سپرینڈیٹس کے تقرر کے حوالے سے مطلوبہ نتائج نہیں مل سکے، بہر حال انٹریو کے بعد ان کا تقرر کیا جائے گا، اورچارج دینے سے پہلے آغاخان اسپتال سے انہیں ہاسپٹل مینجمنٹ کی ٹریننگ دی جائے گی۔اس موقع پر ڈائو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی نے کہا کہ جدید دنیا میں پرائمری ہیلتھ کئیر کی سب سے پیلی چیک پوسٹ فیملی میڈیسن کا شعبہ ہے، پہلے ہی مرحلے پر بیماریوں کے حملے کا مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی رہنمائی میں ڈائو یونیورسٹی نے 15ملین (ڈیڑھ کروڑ)روپے کی لاگت سے فیملی میڈیسن کلینک کا افتتاح کردیا ہے، جہاں ڈاکٹرز کے معائینے بنیادی لیبارٹری ٹیسٹ اور دوائیں مفت فراہم کی جائینگی، انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اور منتخب نمائیندے آبادی کا ڈیٹا فراہم کر دے تو اس علاقے کے اعداد و شمار کی روشنی میں جدید انداز میں صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، وبائی امراض سے نمٹنے کے کی حکمتِ عملی بھی تشکیل دی جائے گی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہجرت کالونی میں ایک ایف سی پی ایس اور ایک جنرل فزیشن کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بیظیر بھٹو ٹراما سینٹر میں برنس سینٹر کے کچھ حصے منتقل کیے جائیں گے،جبکہ سول ایوایشن کی جانب سے بعض ہیلی پیڈ میں تبدیلیوں کا کہا گیا وہ کی جارہی ہیں، انہوں نے بتایا کہ ٹراما سینٹر کو مکمل فعال کرنے کے افرادی قوت خاص طور پر نرسنگ سمیت دیگر شعبوں میں تربیت یافتہ عملے کی کمی کا سامنا ہے۔

حکومتِ سندھ کی جانب سے فنڈز جاری ہونے کے بعد مزید بہتری کے اقدامات کیے جائیں گے۔تقریب سے ہیڈ آف فیملی میڈیسن ہجرت کالونی ڈاکٹر انعم ارشد بیگ اور ڈاکٹر نورلعین نے بھی خطاب کیا۔