Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کے خلاف امریکی لابنگ فرم کو قومی خزانے سے ادائیگیوں کی تحقیقات کا حکم دیدیا

سابق وزیر اعظم نے مشکلات سے نکلنے اور امریکی انتظامیہ سمیت پوری دنیا کی توجہ پاکستان کی سیاسی صورتحال کی جانب مبذول کروانے کیلئے معروف امریکی لابنگ فرم کو اربوں کی ادائیگی کی تھی

جمعہ 18 جنوری 2019 22:44

وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کے خلاف امریکی لابنگ فرم کو قومی خزانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2019ء) وزیراعظم عمران خان نے میاں نواز شریف کے خلاف امریکی لابنگ فرم کو قومی خزانے سے ادائیگیوں کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ہے۔ میاں نواز شریف نے وزیراعظم کے ہوتے ہوئے مشکلات سے نکلنے اور امریکی انتظامیہ سمیت پوری دنیا کی توجہ پاکستان کی سیاسی صورتحال کی جانب مبذول کروانے کیلئے ایک معروف امریکی لابنگ فرم کو اربوں روپے کی ادائیگی کی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے اس حوالے سے تحقیقات کا حکم دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ میاں نواز شریف نے اپنے ذاتی مقاصد کیلئے قومی خزانے سے کتنے فنڈز استعمال کئے۔ واضح رہے کہ میاں نواز شریف پاناما پیپرز منظر عام پر آنے کے بعد مشکلات میں گھرے ہوئے تھے اور پاکستان سمیت پوری دنیا میں ان کے امیج کو سخت نقصان پہنچایا تھا۔

(جاری ہے)

چنانچہ اس نقصان کے ازالے کیلئے میاں نواز شریف نے امریکی لابنگ فرہم کی خدمات حاصل کی تھیں تاکہ امریکی انتظامیہ کو یہ باور کرایا جاسکے کہ پانامہ پیپرز سمیت دیگر تمام بحرانوں کے پیچھے پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ ہے مشکلات کی دلدل میں پھنسے ہوئے نواز شریف نے اس وقت نہ صرف امریکی لابنگ فرم کی خدمات حاصل کیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی کیلئے انہوں نے مقامی میڈیا میں قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ اجلاس میں ہونے والی حساس گفتگو بھی لیک کردی تھی جس کی حتمی رپورٹ ابھی تک منظر عام پر نہیں آئی۔

واضح رہے کہ میاں نواز شریف سے پہلے محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی ایک امریکی لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرکے اپنی وطن واپسی اور اقتدار میں واپسی کیلئے جنرل پرویز مشرف کو این آر او پر مجبورکردیا تھا۔ امریکی لابنگ فرم یہ نتیجہ نواز شریف کیلئے پیدا کرپائے گی یا نہیں اس کا بھی جلد ہی فیصلہ ہونے والا ہے تاہم عمران خان نے ان ادائیگیوں کی تحقیقات کا حکم جاری کردیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات