عوامی مسائل تیزی سے حل کرنے کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد جار ی رہے گا، کمشنر فیصل آباد

جمعہ 18 جنوری 2019 22:49

فیصل آباد 18 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) : ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے کہا ہے عوامی مسائل تیز رفتاری سے حل کرنے کے لئے کھلی کچہری کے انعقاد کا سلسلہ ہر جمعہ کو باقاعدگی سے جاری ہے جن کا دائرہ ڈویژن کے دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا تاکہ لوگوں کوان کی دہلیز پرریلیف حاصل ہو۔انہوں نے یہ بات کمشنر آفس کے سبزہ زار میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل وشکایات سنتے ہوئے کہی۔

ایڈیشنل کمشنرز ہارون الرشید،رائے واجد علی،ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے عامر عزیز،ڈی جی پی ایچ اے آصف چوہدری،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسزڈاکٹرطارق اسلام،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہر رمضان،ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر،ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر محمد عالم،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایف آئی سی ڈاکٹر اعجاز بھٹی،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد،چیف آفیسر ضلع کونسل نعیم اللہ وڑائچ کے علاوہ سوشل سیکورٹی،ایکسائز،فیصل آباد پارکنگ کمپنی،اراضی ریکارڈ سنٹرز اور دیگر محکموں واداروں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے تعلیم،صحت،سوشل سیکورٹی،ریونیو اوردیگر محکموں سے متعلق 26درخواستوں پرسائلان کا موقف سنتے ہوئے موقع پر موجود افسران کو بلاتاخیر دادرسی کی ہدایت کی۔انہوں نے پولیس سے متعلقہ بعض درخواست گزاروں کو ریلیف کے لئے آر پی او آفس میں منعقدہ الگ کھلی کچہری میں ریجنل پولیس آفیسرغلام محمود ڈوگر کے پاس ریفر کیا۔انہوں نے کھلی کچہری میں موجود افسران سے کہا کہ ان کے دفاتر سے رجوع کرنے والے درخواست گزاروں کی دادرسی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے تاکہ سرکاری محکموں/اداروں پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہو۔

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر ہر جمعہ کو کھلی کچہری منعقد کرنے کا مقصد لوگوں کے مسائل سن کر ان کا فوری ازالہ کرنا ہے۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہریوں میں آئیں جنہیں انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری میں پیش کی جانے والی درخواستوں کا مکمل ریکارڈ مرتب اور سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے لہذا متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور عوامی مسائل کے حل میں لیت ولعل سے گریز کیا جائے۔

کھلی کچہری میں موجود سائلان نے کھلی کچہریوں کے تسلسل سے انعقاد کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری کی دلچسپی سے ان کے مسائل تیزرفتاری سے حل ہورہے ہیں۔