قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت اپوزیشن رہنمائوں کا مشترکہ اجلاس

ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال‘ سانحہ ساہیوال‘ منی بجٹ اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا

منگل 22 جنوری 2019 18:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) متحدہ اپوزیشن نے عوام کو درپیش مسائل منی بجٹ اور سانحہ ساہیوال کے مرتکب افراد کو بچانے کے حوالے سے امور پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منی بجٹ کے نتیجے میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے کا خدشہ ہے۔ فوجی عدالتوں میں توسیع کے حوالے سے اپوزیشن جماعتیں مشاورت کے بعد حتمی فیصلے کا اعلان کریں گی۔

منگل کو قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت اپوزیشن رہنمائوں کا مشترکہ اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا جس میں پیپلز پارٹی کے ارکان سید خورشید شاہ اور سید نوید قمر سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی صحت کے حوالے سے تمام رہنمائوں نے تشویش کا اظہار کیا اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال‘ سانحہ ساہیوال‘ منی بجٹ اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کے حوالے سے بھرپور آواز بلند کی جائے گی اور سانحہ ساہیوال کے ملزمان کو بچانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ متحدہ اپوزیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ سانحہ ساہیوال کے مقتولین کے ورثاء کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔ اپوزیشن ارکان نے اندیشہ ظاہر کیا کہ منی بجٹ کے بعد بھی عوامی مشکلات میں کمی نہیں آئے گی اور اس سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آنے کا خدشہ ہے۔

تمام اپوزیشن جماعتیں منی بجٹ اور فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے حوالے سے امور پر مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کریں گی۔ اجلاس کے بعد سید خورشید احمد شاہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے کہا کہ اجلاس میں ایک بار پھر متفقہ فیصلے کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے عدالت عالیہ کی طرف سے ان کی بطور چیئرمین پی اے سی تقرری کی درخواست مسترد ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ عدالت عالیہ کے شکرگزار ہیں۔

سید نوید قمر نے کہا کہ آئینی طور پر عدالتوں کو پارلیمنٹ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ آئین میں اداروں کے کام کرنے کا طریقہ کار موجود ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ منی بجٹ کے حوالے سے تمام امور پر اپوزیشن مل کر چلے گی۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ اپوزیشن بجٹ سے متعلق اپنے سوالات اور تحفظات کا اظہار ضرور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر نے احتجاج نہ کرنے کے حوالے سے کوئی اپیل نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی مشترکہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو ہوگا۔