مینڈیٹ چور حکومت کالے دھن والے چوروں کی اکانومی لائی ،

اپوزیشن غریب دشمن بجٹ پاس نہیں ہونے دے گی‘مریم اورنگزیب

جمعرات 24 جنوری 2019 14:49

مینڈیٹ چور حکومت کالے دھن والے چوروں کی اکانومی لائی ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ (ن) نے کل اسمبلی میں کھڑے ہو کر عوام اور غریب دشمن بجٹ کے خلاف پارلیمانی طریقے سے احتجاج کیا لیکن تحریک انصاف اور عمران صاحب کی طرح پارلیمنٹ پر لعنت نہیں بھیجی،مینڈیٹ چور حکومت کالے دھن والے چوروں کی اکانومی لائی ہے ،اپوزیشن غریب دشمن بجٹ پاس نہیں ہونے دے گی ۔

انہوں نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عمران صاحب کی طرح سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان نہیں کیا ،ساہیوال کے افسوسناک واقعہ پر لاہور کو لاک ڈائون نہیں کیا، نہ پارلیمنٹ اور نہ ہی پنجاب اسمبلی حملہ کیا، نہ ساہیوال کو آگ لگائی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری جس پارٹی کی ترجمانی کررہے ہیں، اس نے پانچ سال پارلیمنٹ پر لعنت بھیجی، دو سال پارلیمنٹ سے بھاگے رہے اور تنخواہیں بھی پوری وصول کیں ،یہی جماعت تھی جس نے منتخب وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹ کر باہر نکال دو کے نعرے لگائے۔

۔ فواد چوہدری صاحب پہلے اپنی موجودہ پارٹی کی تاریخ کا مطالعہ کریں، پھر بیان دیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ مینڈیٹ چور حکومت کالے دھن والے چوروں کی اکانومی لائی ہے ،اپوزیشن غریب دشمن بجٹ پاس نہیں ہونے دے گی اور اس کی ڈٹ کر مخالفت کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی آمرانہ سوچ سے ڈرنے والے نہیں ہیں، وزرا کے بیانات ان کے فسطائی ذہن کی عکاسی کرتے ہیں۔