کراچی اورحیدرآباد میں ٹائیفائڈ پھیلنے کا سبب آلودہ پانی ہے،ڈاکٹرعذرا پیچوہو

بدھ 30 جنوری 2019 16:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2019ء) سندھ اسمبلی کے بدھ کو ہنگامہ خیز اجلاس میں صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے اعتراف کیا کہ صاف پانی کی عدم فراہمی کراچی اور حیدر آباد میں ٹائیفائڈ کا مرض پھیلنے کا سبب ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کوکراچی میں ٹائیفائڈ کی وبا پھیلنے سے متعلق سوال پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرانے کہا کہ حیدر آباد کے علاقے قاسم آباد اور لطیف آباد میں سال2017 میں ٹائیفائڈ پھیلا تھا اور اب کراچی میں پھیل رہا ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ بدقسمتی سے شہریوں کو فراہم کردہ پانی صاف نہیں ہے اور ٹائیفائیڈکے پھیلائوکی بڑی وجہ مضرصحت پانی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پانی کوکلورینیٹ کرناواٹربورڈاورواساکی ذمہ داری ہے۔ صاف پانی کی فراہمی بلدیاتی معاملہ ہے۔انہوں نے کہاکہ حیدرآبادمیں ٹائیفائیڈکے ایک ہزارسے زائدکیس رجسٹرڈ ہوچکے ہیں اور کراچی میں یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔