تفصیلی انسپکشن مکمل ہونے پر نیلم جہلم پاور ہائوس سے بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع

تعمیراتی معاہدے کے تحت نیلم جہلم پراجیکٹ 5جنوری سے 29روز کیلئے تفصیلی انسپکشن کیلئے بند کیا گیا تھا سال 2019-20سے نیلم جہلم پراجیکٹ اپنی پوری استعداد کے مطابق نیشنل گرڈ کو 4ارب 60کروڑ یونٹ سالانہ بجلی مہیا کرے گا

ہفتہ فروری 13:18

تفصیلی انسپکشن مکمل ہونے پر نیلم جہلم پاور ہائوس سے بجلی کی پیداوار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2019ء) پراجیکٹ کی تفصیلی انسپکشن مکمل ہونے کے بعد نیلم جہلم پاور ہائوس سے بجلی کی پیداوار شیڈول کے مطابق دوبارہ شروع ہوگئی ، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا آغاز اپریل 2018 میں ہواتھااور تعمیراتی معاہدے کے تحت اسے 5جنوری سے 29روز کے لئے تفصیلی انسپکشن کے لئے بند کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ٹیل ریس ٹنل سے پانی نکالنے کے بعد پلانٹ کا تفصیلی معائنہ کیا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ منصوبے کے سول ورکس اچھے معیار کے ہیں جبکہ الیکٹریکل اور مکنیکل آلات بھی مطلوبہ معیار کے حامل ہیں ۔زیر زمین ٹیل ریس ، ڈرافٹ ٹیوبز ، بونٹ گیٹس ، ایم آئی ویز ، پیداواری یونٹس اور متصل آلات میں معمولی نوعیت کی مرمت درکار تھی ، جسے کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ریزروائر میں پانی کی مکمل بھرائی کے بعد منصوبے کے سپل ویز اور ڈیم سٹرکچر میں گاد کے اخراج کے لئے نصب کئے گئے گیٹس کو بھی ٹیسٹ کیا گیا ۔ ٹیسٹ کے دوران سپل وے اور مذکورہ گیٹس کے آپریشن کو تسلی بخش پایا گیا۔دریائے نیلم میں آج کل پانی کا بہا ئوتقریبا60کیوبک میٹر فی سیکنڈ (کیومکس)ہے جس سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا ایک پیداواری یونٹ چلایا جارہا ہے اور 242میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔

منصوبے کے چاروں پیداواری یونٹ کو چلانے کے لئے تقریبا 280کیومکس پانی کی ضرورت ہے ، جو مارچ ،اپریل سے دستیاب ہوگا ۔ پانی کی دستیابی پر نیلم جہلم پراجیکٹ اپنی پوری صلاحیت کے مطابق 969 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا ۔نیلم جہلم پراجیکٹ ہر لحاظ سے مکمل ہوچکا ہے ، منصوبے سے 2019-20 میں پوری صلاحیت کے مطابق 4 ارب 60کروڑ یونٹ سستی بجلی نیشنل گرڈ کو مہیا کی جائے گی جس سے ہر سال تقریباً50 ارب روپے کی آمدنی ہوگی ۔

واضح رہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے پہلے پیداواری یونٹ سے بجلی کی پیداواراپریل 2018 میں شروع ہوئی تھی جبکہ 14اگست 2018 تک اس کے تمام چار یونٹس مرحلہ وار مکمل کر لئے گئے تھے ۔نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ تفصیلی انسپکشن سے پہلے نیشنل گرڈ کو ایک ارب 80کروڑ یونٹ بجلی مہیا کرچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :