سرگودھا، لیگی رکن قومی اسمبلی چودھری حامد حمید اور کارکنان کیخلاف درج مقدمے میں عبوری ضمانت میں12 فروری تک توسیع

ہفتہ 2 فروری 2019 15:02

سرگودھا، لیگی رکن قومی اسمبلی چودھری حامد حمید اور کارکنان کیخلاف ..
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2019ء) سرگودھا شہر کے حلقہ این اے 90 سے لیگی رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید اور کارکنان کے خلاف تھانہ کینٹ میں درج مقدمہ میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے عبوری ضمانت میں12 فروری تک توسیع کرکے سماعت ملتوی کر دی ۔ ذرائع کے مطابق مقدمہ میں ملوث لیگی رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید ،انجمن تاجران کے دو اراکین سمیت لیگی کارکنان پر الزام ہے کہ انہوں نے انتخابات کی گنتی کے روز ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے عدلیہ اور قومی اداروں کے خلاف نعرے بازی کی جس پر پولیس نے شہری کی درخواست پر ایم این اے چوہدری حامد حمید ،انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری شیخ نعیم اسلم کپور، نائب صدر مرزا منیر،سمیت 39 نامزد اور 250 کارکنان کے خلاف سولہ ایم پی او اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جس میں نامزد اور دیگر افراد کو شامل تفتیش کیا گیا جن میں ایم این اے اور کارکنان نے مقامی عدالت سے ضمانت خارج کئے جانے پر ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت کروائی تو پولیس کی تحقیقاتی رپورٹ پر سیشن کورٹ نے مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کا حکم دیا جس پر مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعہ کی ترمیم پر ایم این اے سمیت35 ملزمان خصوصی عدالت پیش ہوئے اور ابتدائی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے عبوری ضمانت منظور کی جس کے بعد وکلاء کی ہڑتال کے باعث ایک بار پھر سماعت نہ ہونے پر عبوری ضمانت میں 2 فروری تک توسیع کر دی گئی جس پر گزشتہ روز ایم این اے سمیت ملزمان کے عدالت پیش ہونے پر سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔

(جاری ہے)

عدالت نے پولیس تھانہ کینٹ سے ریکارڈ اور گواہان کو بھی طلبی نوٹس جاری کر دیئے، اس مقدمہ میں دوران تفتیش پولیس نے 28 ملزمان کو بیگناہ قرار دے دیا اور دیگر شامل تفتیش ہیں۔