وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے مذاکرات، اہم فیصلوں کو حتمی شکل دے دی گئی

منگل 11 اگست 2026 20:16

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2026ء) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے وفد نے اسلام آباد میں مذاکرات کیے، دو روز تک جاری رہنے والی بات چیت کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل اور مطالبات کے حوالے سے طے پانے والے فیصلوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے۔

انہوں نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات کی ہدایات بھی جاری کیں۔وفاقی وزیر کی ہدایت پر کسٹمز حکام اور گڈز ٹرانسپورٹرز پر مشتمل مشترکہ مانیٹرنگ کمیٹی بھی قائم کر دی گئی، جو ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کی نشاندہی اور ان کے فوری حل کے لیے کام کرے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرِ میری ٹائم افیئرز جنید انوار نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور گڈز ٹرانسپورٹرز کو اہم امور پر یقین دہانیاں کرائیں۔

اجلاس میں کسٹمز حکام کے ساتھ ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔عبدالعلیم خان نے گڈز ٹرانسپورٹرز کو ویٹ اسٹیشنز سے متعلق شکایات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تمام موٹرویز پر جدید ترین سہولیات سے آراستہ اور کم سے کم انسانی وسائل کے ساتھ اسٹیٹ آف دی آرٹ ویٹ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔

اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کے ایکسل لوڈ کے مسئلے پر بھی غور کیا گیا۔ اس حوالے سے مسئلے کو بنیادی سطح سے ہی کنٹرول کرنے اور ملک بھر میں یکساں پالیسی کے نفاذ کی تجویز پیش کی گئی۔وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایت پر ایف بی آر کے سینئر حکام نے بھی گڈز ٹرانسپورٹرز کی اہم تجاویز پر مشاورت مکمل کی۔ اجلاس میں پورٹ اینڈ شپنگ اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے حکام نے بھی ٹرانسپورٹرز کو متعلقہ امور پر بریفنگ دی۔

گڈز ٹرانسپورٹرز کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے وزارت کے سینئر حکام کی جانب سے بھی یقین دہانی کرائی گئی۔گڈز ٹرانسپورٹرز کے وفد نے اسلام آباد میں مہمان نوازی اور ان کے مسائل احسن انداز میں حل کرنے کی کوششوں پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں تمام امور خوش اسلوبی سے نمٹانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے، آئی جی موٹرویز پولیس اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ملک شہزاد اعوان، ناصر جعفری، اویس چوہدری، قمر الزمان، بختاور خان، شبر ملک اور دیگر عہدیداران شریک ہوئے۔