Live Updates

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن اور ہینن ڈی آر کنسٹرکشن گروپ کے وفد کی ملاقات

چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن اور ہینن کنسٹرکشن گروپ کازراعت اورہاؤسنگ سیکٹرز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار بنجر اراضی کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی مقاصد کیلئے قابل استعمال بنانے کے منصوبے میں سرمایہ کاری کریں گے‘ چینی وفد پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے زبردست سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دینگے‘وزیر اعلیٰ عثمان بزدار

ہفتہ 2 فروری 2019 18:52

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن اور ہینن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن اور ہینن ڈی آر کنسٹرکشن گروپ کی12 رکنی وفد نے ملاقات کی۔چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن اور ہینن ڈی آر کنسٹرکشن گروپ نے زراعت اور ہائوسنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

چینی وفد کے حکام نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنجر اراضی کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی مقاصد کیلئے قابل استعمال بنانے کے منصوبے میں سرمایہ کاری کریں گے اورکم لاگت کے گھرو ںکی تعمیر کے منصوبے کیلئے چین کی ٹیکنالوجی بھی پنجاب میں منتقل کریں گے۔انہوںنے کہا کہ ہم پنجاب میں ہائوسنگ انڈسٹریل پارک کا منصوبہ لگانا چاہتے ہیں اوراس ضمن میں تمام سرمایہ کاری چینی گروپ کریںگے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیںاور وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔انہوںنے کہا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے زبردست سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ چین کے سرمایہ کاروں کو زراعت اور ہائوسنگ کے شعبوں میںسرمایہ کاری میں دلچسپی کے اظہار کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ زراعت اور ہائوسنگ کے شعبوں میں بہت پوٹینشل موجود ہے۔ زرعی شعبہ پنجاب کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی شعبہ کو پائیدار بنیادوں پر مضبوط کیا جا سکتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہائوسنگ کے شعبہ میں کم لاگت کے گھروں کی تعمیر تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا ہے اوروزیراعظم عمران خان کی نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم عام آدمی کو چھت فراہم کرنے کا انقلابی منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میںغیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے نئی سہولتیں اور مراعات دی گئی ہیں اور زراعت اور ہائوسنگ سیکٹرز میں چین کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے حکام نے جھنگ میں 1263 میگاواٹ کے پنجاب پاور پلانٹ کے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے بورڈ کے چیئرمین ژانگ چن، نائب صدرفینگ ینسوئی ، ہینن ڈی آر کنسٹرکشن گروپ کے چیئرمین ہوانگ ڈائو یوان ، ڈپٹی چیئرمین چنگ کنپن اور دیگر عہدیدار شامل تھے۔

سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری، صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال، صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمودالرشید، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات