بلاول بھٹو کل امریکا، یورپ کے دورے پر روانہ ہوں گے

بلاول بھٹو10روز بیرون ملک قیام کریں گے،امریکی صدر سے ملاقات کا امکان، امریکی تھینک ٹینک سے خطاب بھی کریں گے، نیشنل پریئربریک فاسٹ میں شریک ہوں گے اورامریکی سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے، ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 2 فروری 2019 20:42

بلاول بھٹو کل امریکا، یورپ کے دورے پر روانہ ہوں گے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کل اتوار کو امریکا اور یورپ کے دورے پر روانہ ہوں گے، بلاول بھٹو10روز بیرون ملک قیام کریں گے، بلاول بھٹو کی امریکی صدر سے بھی ملاقات کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، بلاول بھٹوامریکی تھینک ٹینک سے خطاب کریں گے اورنیشنل پریئربریک فاسٹ میں بھی شریک ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کل اتوار کو 10 روزہ دورے پر امریکا اور یورپ روانہ ہوجائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ بلاول بھٹو امریکا میں امریکی تھینک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے۔ جبکہ بلاول بھٹو6 فروری کو امریکا میں نیشنل پریئربریک فاسٹ میں شریک ہوں گے۔ نیشنل پریئربریک فاسٹ میں امریکی سیاست کی اہم شخصیات بھی شریک ہوں گی، ایک ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکن ہے بلاول بھٹو زرداری سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھی ملاقات ہوجائے۔

(جاری ہے)

تاہم ابھی امریکی صدر سے ملاقات بارے ٹھوس اطلاعات نہیں ہیں۔ دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے آج کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے موجودہ حکومت کو ایک بار پھرشدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی تنقید ضرور کریں لیکن ہمیں ملکر بھی بیٹھنا چاہیے ، اور جمہوریت کے حق میں ملکر جدوجہد بھی کرنی چاہیے۔ اٹھارویں ترمیم پر کوئی آنچ نہیں آنے دوں گا۔

صحافیوں کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی اور اظہار آزادی کیلئے وفاق اور صوبائی سطحوں پر قانون سازی ہونی چاہیے۔آزادی صحافت کو قانون سازی کے ذریعے تحفظ دے سکتے ہیں۔ اظہار آزادی کیلئے ہمیں پارلیمانی اور عدالتی فورمزکو استعمال کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس 200 قابل لوگ موجود ہیں ۔ کس ملک میں ایک سال میں تین بجٹ پیش کیے جاتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ جس شہر کے دورے پر بھی جاؤں، وہاں پریس کلب کا دورہ ضرور کروں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم ایسے فیصلے جو اٹھارویں ترمیم کیخلاف ہیں، ان کیلئے نظر ثانی اپیل میں جائیں گے۔ میں ملک کے کونے کونے میں جاؤں گا اور لوگوں کو بتاؤں گا کہ ان کواٹھارویں ترمیم میں کیا حق دیا گیا ہے۔ لیکن اس کے باوجود اگر آئین تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تولانگ مارچ کروں گا۔ انہوں نے شادی کے ایک سوال”پہلے وزیراعظم کی شیروانی پہنیں گے یا شادی کریں گے؟“ کے جواب میں کہا کہ شادی کے حوالے سے اسٹریٹجک پلاننگ جاری ہے۔ چاروں صوبوں میں ایک ایک شادی کرنے کا سوچ رہا ہوں۔ الیکشن سے پہلے شادی کا فیصلہ کرنا ہے کہ ایک شادی کرنی ہے یا پھر چاروں صوبوں میں ایک ایک شادی کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت پر حملے ہورہے ہیں۔ پیپلزپارٹی صحافیوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہے۔