شیخ رشید اور بلاول بھٹو زر داری کے درمیان لفظی گولہ باری

بلاول بھٹو زرداری نے شیخ رشید کو پنڈی کا گٹر قرار دیدیا بلو رانی کو جواب 5 فروری کو فیصل آباد میں دوں گا، شیخ رشید نوازشریف کی بیماری سیاسی ہے ، بلاول بھٹو سیاسی نابالغ ہے ، میڈیا سے گفتگو

اتوار 3 فروری 2019 15:30

شیخ رشید اور بلاول بھٹو زر داری کے درمیان لفظی گولہ باری
اوکاڑہ/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2019ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان لفظی گولہ باری شروع ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل پریس کانفرنس کے دور ان بلاول بھٹو زرداری نے شیخ رشید کو پنڈی کا گٹر قرار دیا جس کے جواب میں شیخ رشید نے بلاول کو سیاسی نابالغ قرار دیتے ہوئے آصف زرداری پر بھی طنز کے تیر چلادئیے۔

اتوار کووفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کے دوران پیپلزپارٹی کی قیادت پر کڑی تنقید کی۔شیخ رشید نے بلاول کو مخاطب کرتے کہا کہ بلو رانی نے کہا کہ میرے رنگ پسٹن بیٹھ گئے ہیں اس کا جواب 5 فروری کو فیصل آباد میں دوں گا، آصف زرداری نے فالودے والے اور مٴْردوں کے نام پر اکاؤنٹ بنائے، وہ کرپشن میں دنیا کے سب سے بڑے مالیاتی گٹر ہیں جبکہ بلاول بھی اپنے والد کے پیچھے چل پڑا ہے، وہ لانگ مارچ نہیں لونگ مارچ کریگا۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کہ میاں نواز شریف کی بیماری سیاسی ہے جس کا علاج وہ بیرون ملک چاہتے ہیں، میاں برادران جب بھی اسیر ہوتے ہیں ان کو ایسی سیاسی بیماریاں لا حق ہو جاتی ہیں، شہباز شریف کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی کی خلاف پیر یا منگل کو سپریم کورٹ جاؤں گا، درجنوں مقدمات کا ملزم عوامی احتساب کا چیئرمین نہیں بن سکتا۔