مظفرآباد‘سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کا 15 فروری سے سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کا اعلان

پیر 11 فروری 2019 15:37

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2019ء) سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن نے 15 فروری سے سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کا اعلان کر دیا۔ پہلے مرحلہ میں سیاہ پٹیاں، دوسرے مرحلہ میں قلم چھوڑ ہڑتال اور تیسرے مرحلہ میں دم مست قلندر ہو گا۔ پسند و ناپسند کا خاتمہ اور تسلیم شدہ مطالبات پر عملدرآمد چاہتے ہیں۔ بیورو کریسی کی روایتی ہٹ دھرمی اور ضد برائے ضد سے تنگ آچکے ہیں۔

سیکرٹریٹ ملازمین سیکرٹریٹ الائونس سے محروم ملازمین اور حکومت کو لڑا کر سڑکوں پر لایا جا رہا ہے۔ دفعہ 144 کی کوئی پرواہ نہیں سیکرٹریٹ الائونس، پنجاب طرز پر سلیف ہائیرنگ، ڈیتھ پیکج، سٹینوگرافران کی اپ گریڈیشن، عارضی ملازمین کی مستقلی ہمارے مطالبات ہیں۔ نائب قاصد کے بچوں کا کوٹہ ختم کرنا کہاں کا انصاف ہے۔

(جاری ہے)

اس بار انتظامیہ اور محکمہ مالیات سوچ سمجھ کر دفعہ 144 لگائیں۔

سحرش سلطان اور یونیورسٹی کا واقعہ سامنے رکھنا ہو گا۔ ملازمین اپنے حقوق کے لیے کمر بستہ ہیں اور تمام رکاوٹیں توڑ دیں گے۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ملازمین کے مطالبات جو تسلیم شدہ ہیں کو فوری حل کریں۔ بصورت دیگر سخت احتجاج ہو گا۔ ملازمین اتحاد رکھیں اور ایسوسی ایشن کی کال کے مطابق دئے گئے شیڈول پر عملدرآمد کریں۔ وہ دن دور نہیں جب کامیابی سے ہمکنار ہونگے۔

صدر سیکرٹریٹ ایمپلائز محمد شریف اعوان، چوہدری جاوید، گلبہار مغل، ملک اشفاق، سردار ذوالفقار، خالد راٹھور، طارق چغتائی، علی الحسنین کاظمی، الطاف شیخ، امجد اعوان، حقیق راٹھور، زین العابدین، راجہ ضیغم فاروق، چوہدری افتخار، گلزار عباسی، سردار شبیر عباسی، قاضی اقبال اور دیگر نے سیکرٹریٹ احتجاج مہم کے دوران اپنے احتجاجی پروگرام کا باقاعدہ اعلان کر دیا-