Live Updates

عمران خان نے کہا تھا خودکشی کرونگا ،قرضہ نہیں لوں گااب کیا لینے گئے ہیں سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر

چھ ماہ تک معیشت سے کھلواڑ کرنے کے بعد آئی ایم ایف کے پاس جانا تھا تو یہ فیصلہ پہلے کیوں نہیں کیا ، سلیکٹڈ وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے، بیان

پیر 11 فروری 2019 21:54

عمران خان نے کہا تھا خودکشی کرونگا ،قرضہ نہیں لوں گااب کیا لینے گئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2019ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ خودکشی کروں گا قرضہ نہیں لوں گااب کیا لینے گئے ہیں ،چھ ماہ تک معیشت سے کھلواڑ کرنے کے بعد آئی ایم ایف کے پاس جانا تھا تو یہ فیصلہ پہلے کیوں نہیں کیا ،قوم دیکھ رہی ہے دوسروں پر لعن طعن کرنے والے خود آئی ایم ایف کے سربراہ کے سامنے سر جھکا کر بیٹھے ہیں۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو کے ترجمان نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے، ملکی معیشت تباہ اور ہر شعبہ برباد ہو چکا ہے، مہنگائی، بیروزگاری اور غیریقینی صورتحال نے لوگوں کا جینا اجیرن کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ملک پر نااہل حکومت کو مسلط کرنے والے ہی بدترین حالات کے ذمے دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئے روز روپے کی قدر میں کمی، بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور کمر توڑ مہنگائی کا سونامی ملک کو معاشی اور سیاسی طور پر اگل رہا ہے۔ کاشتکاروں سے بے رحمانہ سلوک کیا جا رہا ہے۔ کسان اس ناانصافی پر سراپا احتجاج ہیں۔ بلاول بھٹو کے ترجمان نے کہا کہ ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ عوام کو 50لاکھ گھر دینے کا دعویٰ کرنے والوں نے لاکھوں لوگوں کو گھر کی چھت سے محروم کر دیا ہے۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو اپنی اور اپنی ٹیم کی نااہلی کا اعتراف کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت غیرملکی حکومتوں سے کئے ہوئے معاہدے اور آئی ایم ایف سے کئے ہوئے وعدے پارلیمنٹ میں لائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات