کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان پر پے در پے حملے

ایم کیو ایم پاکستان نے 14 فروری کو بھر پور احتجاج کرنے کا فیصلہ کر لیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 12 فروری 2019 22:42

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان پر پے در پے حملے
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-12 فروری 2019ء) : ایم کیو ایم پاکستان نے 14 فروری کو بھر پور احتجاج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مسلح افراد کی جانب سے کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے دفتر کو نشانہ بنایا گیا ۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ نارتھ کراچی یوسی 6میں4سے5 مسلح افرادداخل ہوئے۔

مسلح افرادنےآفس بیریئرپرگولیاں چلائیں،2افراد زخمی ہوئے۔جن میں سے ایک زخمی زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔میئرکراچی وسیم اختر ، خواجہ اظہار اور عامر خان عباسی اسپتال پہنچ گئے اس موقع پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اس طرح کے حملے کراچی کے امن کو خراب کرنے کی سازش ہیں۔وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسامہ قادری اورخواجہ اظہار الحسن کے دفتر پر فائر کی گئی۔

(جاری ہے)

واقعے میں ایک کارکن شہید اور ایک زخمی ہوا ہے۔اگر قاتل گرفتار نہیں ہوئے تو پھر آیندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔حکومت ایم کیوایم کےکارکنان کوتحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہے۔حکومت کو سنجیدگی سے اقدامات کرنا ہونگے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ 48 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور سندھ حکومت واقعے کی فوری تحقیقات کرے۔علی رضا عابدی کے قاتل اب تک گرفتار نہیں ہوسکے۔

اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ کراچی میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کے پیش نظر ایم کیو ایم نے کراچی میں احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔احتجاج کا فیصلہ خالد مقبول کی زیر سربراہی میں جاری اجلاس میں کیا گیا۔ایم کیو ایم 14 فروری کو بھرپور احتجاج کرے گی ۔