چھ ماہ میں حکومت نے ملک کا جو بیڑہ غرق کیا اس کی تفصیل بھی قوم کو بتائی جائے ‘ مریم اورنگزیب

جمعرات 14 فروری 2019 21:42

چھ ماہ میں حکومت نے ملک کا جو بیڑہ غرق کیا اس کی تفصیل بھی قوم کو بتائی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چھ ماہ میں کابینہ کے 26 اجلاسوں اور 440 فیصلوں کے نتیجے میں ملک کا جو بیڑہ غرق ہوا، بجلی، گیس کے بل بڑھے، مہنگائی ہوئی اورملک پر قرض بڑھ گئے اس کی تفصیل بھی قوم کو بتائی جائے ۔ مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے،اللہ تعالی نے عوام اور قانون کی عدالت میں سرخرو کیا ہے ،آج مسلم لیگ (ن) کے لئے حق اور سچ کی فتح کا دن ہے اور جھوٹے الزامات اور تہمتیں لگانے والوں کے لئے ماتم کا دن ہے۔

وزیراعظم اور ان کے ترجمانوں کو شہباز شریف کے حق میں میرٹ پر آنے والے فیصلے سے ذہنی صدمہ پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ فیصلے کے بعد بڑے ترجمان کا ذہنی توازن بگڑ گیا ہے اور چھوٹے کے اوپر جادو کے اثرات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں،سچائی سن کر، دیکھ کر اور پڑھ کر ان پر جادو ہوجاتا ہے اور حواس کھو بیٹھتے ہیں۔فیصلہ آتے ہی پنجاب میں ترجمان پر جادو ہوگیا ہے اور انہوں نے ہڈیاں ملنے کے انکشافات شروع کردئیے ہیں۔

اس فیصلے سے نجانے اور کس کس حکومتی وزیر ومشیر پر اثرات پڑے ہیں اور پڑنے والے ہیں ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالی ان کو میرٹ پر آنے والے عدالتی فیصلہ کو برداشت کرنے کی ہمت و توفیق دے اور امراض و بلیات سے شفائے کاملہ عطا فرمائے۔انہوںنے کہاکہ مخالفین کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔حکومت اور اس کے ترجمانوں کو پہنچنے والی تکلیف سمجھ میں آتی ہے۔